Aaj News

اٹلی میں 4 ہزار سے زائد بچوں کے ساتھ پادریوں کی جنسی زیادتی کا انکشاف

متاثٖڑین کے لیے کام کرنے والی تنظیم کے مطابق 1,106 مبینہ مجرم پادریوں میں سے صرف 76 پادریوں پر چرچ کے اندر مقدمہ چلایا گیا۔
شائع 25 اکتوبر 2025 09:21am

اٹلی میں کیتھولک چرچ کے پادریوں کی جانب سے ہزاروں بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے چونکا دینے والے واقعات سامنے آئے ہیں۔ متاثرین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم ”ریٹے لَ ابوزو“ (Rete l’Abuso) نے انکشاف کیا ہے کہ 2020 کے بعد سے اب تک تقریباً 4,400 متاثرین کو چرچ سے وابستہ مذہبی شخصیات نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

خبر رساں ایجنسی “رائٹرز“ کے مطابق، تنظیم کے بانی فرانسسکو زاناردی نے بتایا کہ یہ اعداد و شمار متاثرین کے بیانات، عدالتی ذرائع اور میڈیا رپورٹس پر مبنی ہیں۔ رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ان واقعات کا آغاز کب سے ہوا، تاہم تنظیم کا کہنا ہے کہ زیادہ تر الزامات چرچ کے پادریوں پر عائد کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 1,250 مبینہ زیادتی کے کیسز کی نشاندہی کی گئی جن میں 1,106 پادریوں کو ملوث قرار دیا گیا ہے، جبکہ باقی کیسز نَنز (خواتین مذہبی رضاکار)، مذہبی اساتذہ، عام رضاکاروں اور اسکاؤٹ اراکین سے متعلق ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 4,625 متاثرین سامنے آئے ہیں، جن میں سے 4,395 پادریوں کے ہاتھوں زیادتی کا شکار ہوئے۔ ان میں سے 4,451 متاثرین کی عمریں 18 سال سے کم تھیں، جب کہ زیادہ تر متاثرین (تقریباً 4,100) لڑکے تھے۔

AAJ News Whatsapp

رپورٹ میں مزید انکشاف ہوا کہ پانچ نَنز، 156 کمزور بالغ افراد اور 11 معذور افراد بھی اس خوفناک سلسلے کا شکار بنے۔

تنظیم کے مطابق 1,106 مبینہ مجرم پادریوں میں سے صرف 76 پادریوں پر چرچ کے اندر مقدمہ چلایا گیا۔ ان میں سے 17 کو عارضی طور پر معطل کیا گیا، سات کو دوسری پیرشز (مذہبی علاقوں) میں منتقل کیا گیا، جب کہ صرف 18 کو معزول یا برطرف کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق پانچ پادریوں نے خودکشی بھی کر لی۔

کیتھولک چرچ کی اعلیٰ تنظیم اٹالین بشپ کانفرنس نے اس رپورٹ پر کوئی ردِعمل نہیں دیا۔ تاہم ویٹی کن کے چائلڈ پروٹیکشن کمیشن نے حال ہی میں اٹلی کے چرچ حکام کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ کمیشن کے مطابق اٹلی کے 226 ڈائیوسیز میں سے صرف 81 نے بچوں کے تحفظ سے متعلق سوالنامے کا جواب دیا۔

نئے پوپ لیو نے رواں ہفتے پہلی بار مذہبی رہنماؤں کے ہاتھوں جنسی تشدد کے شکار افراد سے ملاقات کی اور نئے بشپ صاحبان کو ہدایت دی کہ ”چرچ کے اندر ہونے والی زیادتیوں کو کبھی نہ چھپایا جائے۔“

یہ پہلا موقع نہیں کہ کیتھولک چرچ ایسے سنگین الزامات کی زد میں آیا ہو۔ پچھلی کئی دہائیوں سے امریکا، فرانس، آئرلینڈ، آسٹریلیا اور دیگر ممالک میں بھی پادریوں کے ہاتھوں بچوں پر جنسی تشدد کے کیسز سامنے آ چکے ہیں، لیکن اٹلی میں چرچ قیادت اس مسئلے کو تسلیم کرنے میں ہمیشہ ہچکچاہٹ کا شکار رہی ہے۔

People Sexualy Abused By Priests In Italy

Rete l'Abuso

Child Abuse in Church