Aaj News

تھائی لینڈ کی اسٹائل آئکون سابقہ ملکہ 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

موجودہ بادشاہ مہا وجیرا لونگ کورن کی والدہ تھیں، 2019 سے اسپتال میں زیر علاج تھیں
شائع 25 اکتوبر 2025 09:01am

تھائی لینڈ کی سابقہ ملکہ سری کٹ 93 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ سابقہ ملکہ سری کٹ موجودہ بادشاہ کی والدہ تھیں، ملکہ سری کٹ خون میں انفیکشن اور کئی دوسری بیماریوں کی وجہ سے دو ہزار انیس سے اسپتال میں زیر علاج تھیں۔۔

عالمی میڈیا کے مطابق ملکہ سری کِٹ اپنے شوہر بادشاہ بھومی بون ادیولیادیت (King Bhumibol Adulyadej) کے ساتھ 7 دہائیوں تک ملک کی سماجی و ثقافتی زندگی میں نمایاں کردار ادا کرتی رہیں۔ وہ اپنی خوبصورتی، نفاست، اور فیشن کے ذوق کے باعث بین الاقوامی سطح پر ”اسٹائل آئیکون“ کے طور پر جانی جاتی تھیں۔

ان کی خدمات میں تھائی ریشم کی صنعت کے فروغ اور مقامی دستکاریوں کے احیاء کو خاص مقام حاصل ہے۔ 2012 میں فالج کے باعث وہ عوامی سرگرمیوں سے کنارہ کش ہو گئی تھیں۔

AAJ News Whatsapp

ملکہ کے انتقال پر تھائی شاہی خاندان اور درباری عملے کے لیے ایک سالہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

حکومتی ترجمان کے مطابق تھائی وزیرِاعظم انوتن چرن ویرکُل نے ملکہ والدہ کے انتقال بعد ہفتے کو ملائیشیا روانگی کا اپنا دورہ منسوخ کر دیا، جہاں اتوار سے منگل تک آسیان رہنماؤں کی سمٹ منعقد ہونی ہے۔ جبکہ کابینہ ہفتے کے روز شاہی تدفین کے انتظامات پر غور کرے گی۔