Aaj News

حماس غزہ کا انتظام ٹیکنوکریٹ کمیٹی کے حوالے کرنے پر متفق ، اسرائیل نے 54 فلسطینیوں کی لاشیں بھیج دیں

عینی شاہدین کے مطابق زیادہ تر لاشیں ناقابلِ شناخت تھیں اور کئی شہدا کو کفن میں لپیٹ کر سپردِ خاک کر دیا گیا
اپ ڈیٹ 25 اکتوبر 2025 09:24am

حماس اور دیگر فلسطینی تنظیموں نے غزہ کے انتظام کو ایک ٹیکنوکریٹ کمیٹی کے حوالے کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔ قاہرہ میں ہونے والے اجلاس کے بعد حماس کی ویب سائٹ پر جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی کمیٹی عرب ممالک اور عالمی اداروں کے تعاون سے غزہ کا انتظام سنبھالے گی تاکہ جنگ کے بعد علاقے میں استحکام اور انتظامی بحالی ممکن بنائی جا سکے۔ دوسری جانب اسرائیل نے مزید 54 فلسطینیوں کی لاشیں واپس کردی ہیں۔

حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل پر دباؤ ڈالے تاکہ وہ جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری کرے، کیونکہ اسرائیلی افواج کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزیاں بدستور جاری ہیں۔ اُن کے مطابق جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے اب تک 90 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

حماس نے امریکا کے اس مؤقف کو بھی سراہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے کو اسرائیل میں ضم نہیں کیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ حماس امن معاہدے کے نفاذ اور اس کی کامیابی کے لیے پُرعزم ہے اور امید رکھتی ہے کہ عالمی برادری اس عمل میں مثبت کردار ادا کرے گی۔

سیزفائر کے باوجود اسرائیل کے جنوبی لبنان پر ڈرون حملے، حزب اللہ کمانڈر ساتھی سمیت شہید

اسٹیون فیگن غزہ سینٹر کے سویلین سربراہ مقرر

دوسری جانب امریکا نے اسٹیون فیگن کو غزہ سینٹر کا سویلین سربراہ مقرر کر دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق وہ نئے قائم کردہ سول ملٹری کوآرڈینیشن سینٹر کے سربراہ ہوں گے، جس کا مقصد امریکی صدر ٹرمپ کے 20 نکاتی منصوبے پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔ یہ سینٹر غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی اور امن معاہدے کے نفاذ پر کام کرے گا۔

AAJ News Whatsapp

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے مطابق کئی ممالک نے امن فورس کے لیے اہلکار اور وسائل فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ روبیو نے واضح کیا کہ مستقبل کے غزہ میں حماس کا کوئی کردار نہیں ہوگا اور علاقے کو مکمل طور پر غیر عسکری زون بنایا جائے گا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے ریلیف ادارے یو این آر ڈبلیو اے کو حماس کی ذیلی تنظیم قرار دیا۔

مزید فلسطینیوں کی لاشیں غزہ منتقل

علاوہ ازیں، اسرائیل نے مزید 54 فلسطینیوں کی لاشیں غزہ منتقل کر دی ہیں۔ خان یونس میں سیکڑوں افراد ان لاشوں کو دیکھنے کے لیے جمع ہوئے۔ عینی شاہدین کے مطابق زیادہ تر لاشیں ناقابلِ شناخت تھیں اور کئی شہدا کو کفن میں لپیٹ کر سپردِ خاک کر دیا گیا۔

غزہ میں انسانی بحران پر عالمی عدالتِ انصاف کا نوٹس، اسرائیل کو امداد بحال کرنے کا حکم

ادھر مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں نے رام اللہ کے قریب فلسطینیوں کی تین گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی موجودگی کے باوجود حملہ آوروں کو روکا نہیں گیا۔

ماہرین کے مطابق فلسطینی قیادت کا ٹیکنوکریٹ کمیٹی پر اتفاق جنگ کے بعد ایک بڑے سیاسی اور انتظامی موڑ کی علامت ہے، تاہم اسرائیل کی مسلسل خلاف ورزیوں کے باعث امن عمل اب بھی خطرے میں ہے۔

Gaza

Steven Fagin

Gaza Center

Dead Bodies of Palestinians

Technocrate Committee