Aaj News

ایک اشتہار چلانے پر ٹرمپ نے کینیڈا سے تجارتی تعلقات ختم کر دیے

سابق صدر ریگن پر مبنی "جعلی اشتہار" کے بعد امریکی صدر کا سخت ردعمل
اپ ڈیٹ 24 اکتوبر 2025 05:54pm

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اشتہار چلانے پر امریکا اور کینیڈا کے درمیان جاری تمام تجارتی مذاکرات فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کی شب اعلان کیا ہے کہ وہ کینیڈا کے ساتھ تمام تجارتی مذاکرات ختم کر رہے ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق کینیڈا نے ایک جعلی ٹی وی اشتہار جاری کیا جس میں امریکی محصولات (Tariffs) سے متعلق حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔

ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا سائٹ ٹروتھ سوشل پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ”رونالڈ ریگن فاؤنڈیشن نے تصدیق کی ہے کہ کینیڈا نے ایک جعلی اشتہار میں سابق صدر ریگن کی تقاریر کا غلط استعمال کیا ہے۔“

ٹرمپ کے بقول، یہ اشتہار 75 ہزار ڈالر کی لاگت سے بنایا گیا اور اس کا مقصد امریکی سپریم کورٹ سمیت دیگر عدالتوں کے فیصلوں پر اثرانداز ہونا تھا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ”امریکی قومی سلامتی اور معیشت کے لیے ٹیرف نہایت اہم ہیں۔ کینیڈا کے اس سنگین رویے کے بعد تمام تجارتی مذاکرات فوری طور پر ختم کیے جا رہے ہیں۔“

AAJ News Whatsapp

کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی کے دفتر کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ کارنی جمعہ کو ایشیائی سربراہی اجلاس کے لیے روانہ ہوں گے جبکہ ٹرمپ بھی اسی روز ایک علیحدہ اجلاس کے لیے سفر کریں گے۔

دوسری جانب، رونالڈ ریگن پریزیڈنشل فاؤنڈیشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اونٹاریو حکومت کی جانب سے جاری کردہ اشتہار 1987 میں ریگن کی اصل تقریر کو مسخ کر کے پیش کرتا ہے، اور اس کی ادارتی اجازت نہیں لی گئی۔ فاؤنڈیشن نے کہا کہ وہ معاملے پر قانونی کارروائی پر غور کر رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق، اونٹاریو کے وزیرِاعلیٰ ڈگ فورڈ نے حال ہی میں اس اشتہار کو فروغ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ”ہم امریکی ٹیرف کے خلاف ہر ممکن ذرائع استعمال کریں گے۔“

واضح رہے کہ ٹرمپ نے اپنے دورِ صدارت میں کینیڈا پر اسٹیل، ایلومینیم اور آٹوموبائلز پر بھاری محصولات عائد کیے تھے، جس کے جواب میں اوٹاوا حکومت نے جوابی ٹیرف نافذ کیے تھے۔ ان اقدامات سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوا۔

کینیڈا کی برآمدات کا تین چوتھائی سے زائد حصہ امریکا کو جاتا ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان روزانہ تقریباً 3.6 بلین کینیڈین ڈالر مالیت کی تجارت ہوتی ہے۔

trump says

trade talks

he’s ending

with Canada

over TV ads