سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں کارروائی، 6 دہشت گرد ہلاک
سکیورٹی فورسز کی بلوچستان کے علاقے دالبندین میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دالبندین میں فتنہ الہندوستان کی تشکیل کا قلع قمع کرتے ہوئے ان کے ٹھکانے کو مکمل طور پر تباہ کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے پہاڑی پر واقع غار میں پناہ لی ہوئی تھی، جن پر فضائی نگرانی کے ذریعے مسلسل نظر رکھی جا رہی تھی۔ سیکیورٹی فورسز نے موزوں وقت پر دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس مؤثر کارروائی کے نتیجے میں تمام چھ دہشت گرد مارے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کامیاب کارروائی سیکیورٹی فورسز اور خفیہ اداروں کی بہترین ہم آہنگی کا نتیجہ ہے، بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے تک ایسے اقدامات جاری رہیں گے۔
دوسری جانب ضلع نوشکی میں غریب آباد کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی پولیس پر فائرنگ سے دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والے پولیس اہلکار معمول کی گشت پر تھے۔ جاں بحق اہلکاروں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
باجوڑ: سیکیورٹی فورسز کا جنگل میں موجود غار میں آپریشن، خوارج کا ٹھکانہ تباہ
اُدھر خیبرپختونخوا میں ضلع باجوڑ کے علاقے شاہی تنگی میں بھی سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور سرنگوں کا مکمل صفایا کر دیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے واضح کیا ہے کہ پاک فوج اور دیگر ادارے ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔ فورسز کی جانب سے عزم ظاہر کیا گیا کہ ملک کے ہر کونے میں چھپے خوارج کو تلاش کر کے ان کا خاتمہ کیا جائے گا تاکہ پاکستان میں امن و استحکام قائم رہے۔
Aaj English













