Aaj News

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اس سال بھی نہیں ہوسکیں گے، الیکشن کمیشن نے شیڈول واپس لے لیا

اس سال پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوں گے، الیکشن کمیشن
شائع 22 اکتوبر 2025 12:30pm

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب میں طویل عرصے سے مؤخر بلدیاتی انتخابات کے لیے جاری کردہ حلقہ بندیوں کا شیڈول واپس لے لیا ہے۔ یہ فیصلہ نئے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے نفاذ کے بعد کیا گیا ہے، جس نے 2022 کے سابقہ بلدیاتی قانون کو منسوخ کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو چار ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ نئے قانون کے مطابق حلقہ بندی اور حد بندی کے قواعد کو حتمی شکل دے۔ اگر مقررہ مدت میں کام مکمل نہ ہوا تو کمیشن نے عندیہ دیا ہے کہ وہ ”مناسب فیصلہ“ کرے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق، اب اس سال پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوں گے۔ تاہم، کمیشن نے واضح کیا ہے کہ اس عمل میں مزید کوئی توسیع نہیں دی جائے گی۔

یہ فیصلہ منگل کے روز چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب اسمبلی نے نیا بلدیاتی ایکٹ 2025 منظور کرلیا ہے، جس کی منظوری گورنر پنجاب نے بھی دے دی ہے۔ نئے ایکٹ کے نفاذ کے بعد 2022 کے قانون کے تحت جاری تمام نوٹیفکیشنز اور حلقہ بندیوں کو کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔

AAJ News Whatsapp

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 8 اکتوبر کو دسمبر میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا تھا اور صوبائی حکومت کو دو ماہ میں حلقہ بندی کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت دی تھی۔ الیکشن کمیشن نے اعلان کیا تھا کہ انتخابی پروگرام دسمبر کے آخری ہفتے میں جاری کیا جائے گا۔ تاہم، نئے قانون کے نفاذ کے بعد یہ شیڈول مؤخر کر دیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق، پنجاب حکومت نے کمیشن سے درخواست کی تھی کہ نئے قانون کی روشنی میں حلقہ بندیوں کا عمل ازسرِ نو شروع کرنے کے لیے وقت دیا جائے۔ اسی بنیاد پر کمیشن نے سابقہ شیڈول واپس لے لیا۔

یاد رہے کہ 2019 میں اُس وقت کی پی ٹی آئی حکومت نے پنجاب کے بلدیاتی ادارے تحلیل کر دیے تھے، جنہیں بعد میں سپریم کورٹ نے بحال کیا تھا۔ ان اداروں کی مدت دسمبر 2021 میں ختم ہوئی تھی، جس کے بعد آئینی طور پر 120 دن کے اندر انتخابات ہونا لازمی تھے۔ تاہم، مسلسل قانونی تبدیلیوں اور حکومتی عدم دلچسپی کے باعث یہ انتخابات اب تک منعقد نہیں ہو سکے۔

LG polls

Election Commission of Pakistan (ECP)

Punjab Local Bodies Election Delayed

Local Government Elections in Punjab

Chief Election Commissioner Sikandar Sultan Raja