Aaj News

علی امین گنڈا پور کے وارنٹ جاری، گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم

جولائی سے ستمبر کے دوران ان کی عدم پیشی وزارت اعلیٰ کی مصروفیات کے سبب بتائی جاتی تھیں، تاہم اب وہ وزارت اعلیٰ سے استعفا دے چکے ہیں
شائع 21 اکتوبر 2025 11:36am

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ سینئر سول جج مبشر حسن چشتی کی عدالت نے کیس کی سماعت کی، تاہم علی امین گنڈا پور آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

عدالت نے سابق وزیراعلیٰ کی مسلسل غیر حاضری کے پیش نظر انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ کیس کی آئندہ سماعت 28 اکتوبر کو ہوگی۔ علی امین گنڈا پور کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں مقدمہ درج ہے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کی عدالت نے جولائی سے اب تک متعدد بار علی امین گنڈا پور کے وارنٹ جاری کیے، لیکن وہ اب تک عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ ابتدائی طور پر جولائی سے ستمبر کے دوران ان کی عدم پیشی وزارت اعلیٰ کی مصروفیات کے سبب بتائی جاتی تھیں، تاہم اب وہ وزارت اعلیٰ سے استعفا دے چکے ہیں۔

AAJ News Whatsapp

10 ستمبر کو بھی عدالت نے علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے اور انہیں گرفتار کرکے 17 ستمبر کو عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دی تھی۔ عدالت کے اس حکم کے بعد علی امین گنڈا پور کے وکیل راجا ظہورالحسن پیش ہوئے اور استدعا کی کہ وارنٹ گرفتاری کو منسوخ کیا جائے، لیکن جج نے کہا کہ ملزم کو پیش کریں تو وارنٹ منسوخ کر دیا جائے گا۔ وکیل نے جواب دیا کہ میڈیا پر پہلے ہی معاملہ چل چکا ہے اور ملزم کی سبکی ہو چکی ہے۔

آج ہونے والی سماعت کے دوران عدالت نے وکیل کی وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی اور کیس کی مزید سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

Shahrukh Khan

Ali Amin Gandapur

islamabad districts session court

Ali Amin Gandapur Arrest Warrant

Liquor and Weapon Case