Aaj News

کمیٹیاں نہ بھر پانے پر بیروزگار باپ نے دو کمسن بیٹیاں ذبح کر ڈالیں

ملزم شدید مالی دباؤ اور قرضوں میں مبتلا تھا، پولیس
اپ ڈیٹ 21 اکتوبر 2025 12:35pm
Shocking Incident Reported in Karachi’s North Nazimabad Block G, Kausar Niazi Colony - Aaj News

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک جی کوثر نیازی کالونی میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک سفاک باپ نے اپنی دو کمسن بیٹیوں کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت اکبر ولد عبدالستار کے نام سے ہوئی ہے جسے جائے وقوعہ سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم اکبر نے اپنی 11 سالہ بیٹی عالیہ اور 10 سالہ زینب کو ذبح کر کے قتل کیا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم شدید مالی دباؤ اور قرضوں میں مبتلا تھا۔ وہ طویل عرصے سے بےروزگار تھا اور کمیٹیوں کے واجبات ادا نہ کر سکنے کی وجہ سے ذہنی دباؤ میں آ گیا تھا۔

ملزم کے بیٹے کا کہنا ہے کہ والد نے کمیٹیوں کے پیسے عیاشی میں اڑادیے اور سزا میری بہنوں کو دی۔ جبکہ ملزم کے بھائی نے اسے انسان کے روپ میں شیطان قرار دیا۔ محلے والوں کا کہنا ہے کہ ملزم کو کڑی سزا دے کر نشانہ عبرت بنایا جائے۔

حکام کے مطابق ملزم کے چھ بچے ہیں، جن میں ایک بیٹا اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔ مقتولہ زینب اور عالیہ تیسرے اور چوتھے نمبر کی بیٹیاں تھیں۔

AAJ News Whatsapp

پولیس کے کرائم سین یونٹ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔

پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی ہے، جب کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ ملزم گزشتہ کئی دنوں سے شدید پریشانی میں مبتلا نظر آتا تھا اور اس نے اپنے مالی حالات کا کئی بار اظہار بھی کیا تھا۔

Murder Karachi

Father Killed Daughters