Aaj News

فضائی مشق میں شرکت، جے ایف 17 طیاروں کی رُکے بغیر آذربائیجان تک پرواز

پاک فضائیہ نے عالمی سطح پر فضائی تعاون اور پیشہ ورانہ مہارت کا عملی مظاہرہ کیا۔ آئی ایس پی آر
شائع 19 اکتوبر 2025 01:13pm
Pakistan Air Force’s modern JF-17 Block 3 squadron arrives in Azerbaijan - Aaj News Pakistan

پاکستان ائرفورس کے طیاروں نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان سے آذربائیجان تک بغیر رکے پرواز مکمل کی اور اس دوران فضا میں ایئر ٹو ایئر ریفیولنگ (فضائی ایندھن فراہمی) کی شاندار مشق کی گئی۔

پاکستان اور آذربائیجان کے مشترکہ فضائی مشق ”انڈس شیلڈ الفا“ کا آغاز بھی ہو گیا ہے، جس میں پاک فضائیہ کے طیارے جدید فضائی جنگی حربوں اور مشترکہ مشن پلاننگ پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ مشق دونوں فضائی افواج کے درمیان آپریبلٹی اور ہم آہنگی کو بڑھانے کی غرض سے منعقد کی جا رہی ہے۔

AAJ News Whatsapp

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے طیاروں نے ایئر ٹو ایئر ریفیولنگ کے شاندار مظاہرے کے ذریعے اپنی تکنیکی مہارت کو بھی اجاگر کیا، جب کہ آئی ایل-78 ٹینکر کا کامیاب استعمال ہوا۔

یہ کامیاب مظاہرہ نہ صرف پاکستان ایئر فورس کی پیشہ ورانہ مہارت کو ثابت کرتا ہے بلکہ فضائی قوت کے عالمی سطح پر تعاون کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، ”انڈس شیلڈ الفا“ کا مقصد دونوں برادر فضائی افواج کے درمیان رابطے کو مزید مستحکم کرنا اور ایک دوسرے کی جنگی حکمت عملیوں کو سمجھنا ہے۔

پاکستان ایئر فورس کی اس مشق میں شرکت نہ صرف علاقائی استحکام اور عالمی فوجی تعاون کے لیے اس کے پائیدار عزم کی عکاسی کرتی ہے بلکہ یہ پی اے ایف کی اس مسلسل کوشش کا بھی مظہر ہے کہ وہ جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ رہے اور فضائی آپریشنز کے ہر میدان میں اپنی روایتی برتری کو برقرار رکھے۔

JF 17 aircraft

fly non stop

to Azerbaijan

participate

in air exercise