Aaj News

ایئر چائنا کی پرواز میں آگ لگنے کا واقعہ، عملے کی بروقت کارروائی سے بڑا حادثہ ٹل گیا

ایئر چائنا کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مسافروں کی سلامتی اس کی اولین ترجیح ہے۔
شائع 18 اکتوبر 2025 05:22pm

بانگژو سے سیول جانے والی ایئر چائنا کی پرواز کو اُس وقت ہنگامی طور پر شنگھائی موڑ دیا گیا جب دورانِ پرواز ایک مسافر کے بیگ میں موجود لیتھیم بیٹری میں آگ لگ گئی۔

گلف نیوز کے مطابق ایئر چائنا پرواز CA139 میں بیٹری اوور ہیڈ کمپارٹمنٹ میں رکھی تھی، جو اچانک بھڑک اُٹھی۔ عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا اور کسی جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔

طیارہ صبح 9 بج کر 47 منٹ پر ہانگژو سے روانہ ہوا تھا اور تقریباً 11 بجے شنگھائی پُڈونگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت اُترا۔

چینی میڈیا کی جاری تصاویر میں اوپری حصے سے اٹھتے شعلے اور دھواں دکھایا گیا ہے، جب کہ ایک مسافر کو عملے کی مدد کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

پرواز پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ Flightradar24 کے مطابق جہاز نے سمندر کے اوپر سے یو ٹرن لے کر واپس چین کا رخ کیا۔

ایئر چائنا کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مسافروں کی سلامتی اس کی اولین ترجیح ہے۔

Shanghai

emergency landing

Flight Safety

Air China

Fligh tCA139

Lithium Battery Fire