Aaj News

افغانستان کا سہ ملکی سیریز کھیلنے سے انکار، زمبابوے نے پی سی بی کی دعوت قبول کرلی

افغانستان کو 17 نومبر سے شیڈول سیریز میں پاکستان اور افغانستان کے ساتھ سری لنکن ٹیم نے شرکت کرنا تھی
اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2025 08:27am

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ نومبر میں ہونے والی سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں افغانستان کی جگہ اب زمبابوے کی ٹیم شریک ہوگی۔ افغانستان کے انکار کے بعد زمبابوے نے پی سی بی کی دعوت قبول کرلی ہے۔ سہ ملکی سیریز میں اب پاکستان، زمبابوے اور سری لنکا کی ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔

یہ سیریز 17 نومبر سے 29 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔ پی سی بی کے مطابق سیریز کا شیڈول تبدیل نہیں کیا گیا، تمام میچز پہلے سے طے شدہ مقامات پر ہی ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں شیڈول سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت سے انکار اس وقت کیا جب دونوں ممالک کے درمیان سرحدی کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔ افغان بورڈ نے سیکیورٹی خدشات اور موجودہ حالات کا حوالہ دیتے ہوئے ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا۔

AAJ News Whatsapp

پی سی بی نے افغانستان کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے کرکٹ تعلقات ہمیشہ خوشگوار رہے ہیں، اور پاکستان مستقبل میں ان روابط کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کرے گا۔ تاہم، پی سی بی نے افغان بورڈ کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے متبادل ٹیم کے طور پر زمبابوے کو دعوت دی، جس نے فوری طور پر شرکت کی تصدیق کردی۔

پی سی بی کے مطابق، سیریز کے دوران شائقین کرکٹ کو بہترین مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ زمبابوے ٹیم کی شمولیت سے نہ صرف سیریز کا تسلسل برقرار رہے گا بلکہ پاکستان میں کرکٹ سرگرمیوں کو بھی تقویت ملے گی۔

کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ افغانستان کی دستبرداری اگرچہ افسوسناک ہے، تاہم زمبابوے کی شمولیت سے سیریز میں دلچسپی برقرار رہے گی، اور پاکستانی شائقین ایک بار پھر راولپنڈی اور لاہور کے میدانوں میں بین الاقوامی کرکٹ کے جوش و خروش سے لطف اندوز ہوں گے۔

afghanistan cricket board

with Pakistan

refuses to participate

in tri nation T20 series