Aaj News

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی چین کے نائب وزیرِ خزانہ سے ملاقات

چینی منڈی میں پانڈا بانڈ اجراء سے متعلق تازہ پیش رفت سے آگاہ کیا، وزیر خزانہ نے چینی نائب وزیرِ خزانہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی
اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2025 01:24pm

وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی چین کے نائب وزیرِ خزانہ سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اہم امور پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ ملاقات کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اصلاحات اور دوطرفہ تعاون کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔

وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اس موقع پر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ہونے والے اسٹاف لیول معاہدے کے بارے میں چینی ہم منصب کو آگاہ کیا اور اس معاہدے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

وزیر خزانہ نے حکومت پاکستان کے اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے پر عالمی سطح پر ملنے والے اعتماد اور بیرونی توثیق کو اہم قرار دیتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں پر عالمی برادری کا اعتماد مستحکم ہو چکا ہے۔

AAJ News Whatsapp

چین کے نائب وزیرِ خزانہ کو پاکستان کے چینی منڈی میں پانڈا بانڈز کے اجرا کے حوالے سے تازہ ترین پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

ملاقات میں وزیر خزانہ نے نیو ڈویلپمنٹ بینک میں پاکستان کی رکنیت کے لیے چین کی حمایت کی درخواست بھی کی تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اور مالی تعلقات کو مزید گہرا کیا جا سکے۔

ملاقات میں وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی، خاص طور پر انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی)، زراعت، اور معدنیات کے شعبوں میں چین کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کو خوش آئند قرار دیا۔

اس موقع پر وزیر خزانہ نے چینی نائب وزیرِ خزانہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

FEDERAL FINANCE MINISTER

Senator Muhammad

Aurangzeb meets with

China's Vice Minister of Finance