Aaj News

انڈونیشیا کے صوبہ پاپوا میں 6.5 شدت کا زلزلہ

زلزلے کا مرکز جیاپورا شہر سے 200 کلومیٹر جنوب مغرب میں جبکہ گہرائی 35 کلومیٹر زیرِ زمین تھی۔
شائع 16 اکتوبر 2025 12:30pm

انڈونیشیا کے مشرقی صوبے پاپوا میں جمعرات کی سہ پہر شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.5 ریکارڈ کی گئی۔

جکارتہ پوسٹ کے مطابق زلزلے کا مرکز جیاپورا شہر سے 200 کلومیٹر جنوب مغرب میں جبکہ گہرائی 35 کلومیٹر زیرِ زمین تھی۔ زلزلے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی، تاہم کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی فوری اطلاع نہیں ملی۔

پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر (ہوائی) نے تصدیق کی ہے کہ زلزلے کے بعد سونامی کا کوئی خطرہ نہیں۔

انڈونیشیا کے محکمہ موسمیات و ارضیات (BMKG) نے زلزلے کی شدت 6.4 اور گہرائی 16 کلومیٹر بتائی ہے۔ حکام کے مطابق اب تک کوئی آفٹر شاک ریکارڈ نہیں کیا گیا۔

انڈونیشیا جو کہ بحرالکاہل کی ”رِنگ آف فائر“ پر واقع ہے، دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں سب سے زیادہ زلزلے آتے ہیں۔ یہ پٹی جاپان، فلپائن، انڈونیشیا اور آسٹریلیا سمیت کئی ممالک سے گزرتی ہے، جہاں زمینی پلیٹوں کے تصادم کے باعث اکثر زلزلے اور آتش فشاں پھٹنے کے واقعات پیش آتے ہیں۔