حدیقہ کیانی کا الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ بڑا ریلیف مشن، ایک ہزار سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں امداد تقسیم
معروف گلوکارہ اور سماجی کارکن حدیقہ کیانی نے الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے سیلاب متاثرین کے لیے بڑا ریلیف آپریشن مکمل کرلیا ہے۔ اس موقع پر جلال پور پیر والا اور شجاع آباد کے 1000 متاثرہ خاندانوں میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔
ریلیف پیکج میں خشک راشن، بستر، لحاف، واٹر کولر، مچھر دانیاں، چٹائیاں، برتن اور گھریلو استعمال کی دیگر اشیاء شامل تھیں، جبکہ 500 بچوں کے لیے خصوصی طور پر اسٹیشنری، کھلونے اور تحائف بھی فراہم کیے گئے۔ جلال پور پیر والا میں 600 جبکہ شجاع آباد میں 400 خاندانوں کو امدادی سامان دیا گیا۔

حدیقہ کیانی نے متاثرہ خواتین اور بچوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور کہا کہ سیلاب ایک بڑا سانحہ تھا، مگر الخدمت فاؤنڈیشن کی منظم اور مؤثر کاوشیں واقعی قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ جلال پور پیر والا اور شجاع آباد میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹرز کے قیام کے لیے الخدمت کے ساتھ مل کر کام کریں گی۔

الخدمت فاؤنڈیشن ملتان کے صدر سید عبدالقادر نے کہا کہ سیلاب کے آغاز سے اب تک ہزاروں خاندانوں کو ریسکیو اور ریلیف فراہم کیا گیا ہے اور اب تنظیم بحالی کے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔ سینئر منیجر میڈیا ریلیشنز شعیب ہاشمی نے بتایا کہ ہمارا مشن صرف امداد تک محدود نہیں بلکہ متاثرہ خاندانوں کو مکمل بحالی تک ساتھ لے کر چلنا ہے، جلد کسان بحالی پروگرام کا آغاز کیا جائے گا۔

ڈاکٹر ذیشان حسن وینس نے کہا کہ جب فنکار سماجی خدمت میں شامل ہوتے ہیں تو معاشرے میں ہمدردی اور انسانیت کے جذبات مضبوط ہوتے ہیں۔

تقریب کے بعد حدیقہ کیانی نے بستی بھوپت والا کا دورہ کیا، متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ ”بنو قابل“ جیسے پروگراموں کا حصہ بنیں، ہنر سیکھیں اور اپنی تقدیر خود بدلیں۔
Aaj English














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔