مائیکروسافٹ کے اے آئی امیج جنریٹر نے ’سورا‘ اور ’نینو بنانا‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، خصوصیات کیا ہیں؟
مائیکروسافٹ نے اپنا پہلا مصنوعی ذہانت پر مبنی ان ہاؤس اے آئی امیج جنریٹر، MAI-Image-1 لانچ کر دیا ہے، جس کے بارے میں کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ تیز تر ہے اور دوسرے بڑے اے آئی ماڈلز کے مقابلے بہتر معیار کی تصاویر تیار کرتا ہے۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب کمپنی آہستہ آہستہ اوپن اے آئی پر اپنا انحصار کم کر رہی ہے۔ مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ یہ نیا ماڈل انتہائی حقیقت سے قریب فوٹو ریئلسٹک تصاویر بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ لائٹ، ریفلیکشن اور قدرتی مناظر جیسے پہلوؤں کو بہت بہتر انداز میں ظاہر کرتا ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ’ایم اے آئی امیج ون‘ نہ صرف تیزی سے نتائج دیتا ہے بلکہ کئی بڑے ماڈلز سے زیادہ مؤثر ہے۔
مائیکروسافٹ نے مزید بتایا کہ اس ماڈل کی تیاری کے دوران پیشہ ور فوٹوگرافروں اور ڈیزائنرز سے براہِ راست فیڈبیک لیا گیا تاکہ نتائج زیادہ قدرتی اور متاثرکن ہوں، بجائے اُن جنرل اسٹائل تصاویر کے جو عام طور پر اے آئی سے بنتی ہیں۔
فی الحال اے آئی امیجنگ کے میدان میں اوپن اے آئی اور گوگل نمایاں کھلاڑی ہیں۔ اوپن اے آئی نے حال ہی میں اپنا نیا ’سورا ایپ‘ ایپل کے ایپ اسٹور (امریکہ اور کینیڈا) میں متعارف کرایا ہے، جو صارفین کو اے آئی کی مدد سے اپنی ویڈیوز بنانے اور آن لائن شیئر کرنے کی سہولت دیتا ہے۔
دوسری جانب گوگل کا ’ نینو بنانا’ امیج ماڈل سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہو رہا ہے، خاص طور پر پاکستان اور بھارت میں، جہاں صارفین مختلف تخلیقی رجحانات آزما رہے ہیں۔ ایسے میں مائیکروسافٹ کے ایم اے آئی-امیج-1 کا میدان میں آنا کمپنی کے لیے ایک خود مختار سمت میں اہم پیش رفت مانی جا رہی ہے۔
مائیکروسافٹ کے مطابق، ایم اے آئی-امیج-1 پہلے ہی ’ایل ایم ارینا‘ (LMArena) پر دنیا کے ٹاپ 10 ماڈلز میں شامل ہو چکا ہے۔ ایل ایم ارینا ایک معروف اے آئی بینچ مارک پلیٹ فارم ہے جہاں صارفین مختلف ماڈلز کی تصاویر کا موازنہ کرتے ہیں اور بہترین کو ووٹ دیتے ہیں۔
ایم اے آئی-امیج-1 دراصل مائیکروسافٹ کے تین خود تیار کردہ اے آئی ماڈلز میں سے ایک ہے۔ دیگر دو ماڈلز میں شامل ہیں:
- ایم اے آئی۔وائس۔1۔اے آئی (آواز پیدا کرنے والا ماڈل)
- ایم اے آئی۔ پری ویو (چَیٹ بوٹ ماڈل)
اس کے علاوہ، مائیکروسافٹ نے حال ہی میں اپنے ’مائیکروسوفٹ 365‘ فیچرز میں ’اینتھروپک‘ کے اے آئی ماڈلز کا استعمال بھی شروع کیا ہے۔
فی الحال اے آئی-امیج-1 صرف ایل ایم اے ارینا پلیٹ فارم پر آزمایا جا سکتا ہے۔
مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ جلد ہی اسے کو پائیلٹ اور بنِگ امیج کریئیٹر میں بھی شامل کر دیا جائے گا، تاکہ زیادہ صارفین اس نئی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا سکیں۔
مائیکروسافٹ کا یہ قدم واضح کرتا ہے کہ کمپنی اب اپنی خود کی اے آئی شناخت بنانے کے سفر پر ہے۔ ایم اے آئی امیج 1 اگر واقعی اپنے دعووں پر پورا اترا، تو یہ مستقبل میں تخلیقی کام کرنے والوں کے لیے ایک انقلابی ٹول ثابت ہو سکتا ہے۔
Aaj English



















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔