Aaj News

کرکٹ میں اونچی ناک ہاکی میں دے تالی: بھارت کا پاکستان کے خلاف دوغلا چہرہ سامنے آگیا

پاک بھارت ٹیموں کے درمیان کھیل کے میدان میں "ہاتھ نہ ملانے" کی جاری روایت کا خاتمہ ہوگیا۔
اپ ڈیٹ 15 اکتوبر 2025 01:35pm

پاکستان اور بھارت کی انڈر 21 ہاکی ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ملائیشیا مٰیں جاری ہاکی ٹورنامنٹ کے میچ سے قبل ایک دوسرے سے روایتی انداز سے سلام (ہائی فائیو) کیا، جس سے بھارتی کرکٹ بورڈ کی شروع کردہ، کھیل کے میدان میں ”ہاتھ نہ ملانے“ کی جاری روایت کا خاتمہ ہوگیا۔

ملائیشیا میں جاری سلطان آف جوہور کپ میں منگل کے روز میچ سے قبل پاکستان اور بھارت کی ہاکی ٹیم کا ایک دوسرے سے سلام کرنے کا منظر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا۔

گزشتہ کچھ عرصے سے دونوں ممالک کی ٹیموں کے درمیان کھیل کے میدان میں ”ہاتھ نہ ملانے“ کی روایت جاری تھی۔ یہی وجہ ہے کہ یہ منظر خاص طور پر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔

پہلگام واقعے اور مئی میں ہونے والی مختصر جنگ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان میں کشیدگی پیدا ہوگئی تھی، جس کے اثرات کھیل کے میدان تک پہنچے اور بھارتی کرکٹ ٹیم نے روایت کے برعکس پاکستانی ٹیم سے ہاتھ ملانے سے انکار کردیا تھا۔

گزشتہ کچھ عرصے سے دونوں ممالک کی مرد اور خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشیا کپ اور ورلڈ کپ میں ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے گریز کے واقعات نے تنازعے کو جنم دیا تھا۔ تاہم بھارتی کرکٹ ٹیم کی شروع کردہ غلط روایت کو اب ہاکی ٹیم نے ختم کردیا ہے۔