’آپریشن سندور کا اگلا مرحلہ زیادہ مہلک ہوگا‘: بھارتی جنرل کی دھمکی پر پاک فوج کا ردعمل
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ “معرکۂ حق” کو گزرے پانچ ماہ مکمل ہو چکے ہیں، مگر بھارت اپنی پرانی روش پر قائم رہتے ہوئے جھوٹے اور بےبنیاد پروپیگنڈے سے باز نہیں آیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی عسکری قیادت نے ایک بار پھر اشتعال انگیز بیانات اور مہم کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد بہار اور مغربی بنگال کے ریاستی انتخابات میں سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کا یہ ردعمل بھارتی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل منوج کمار کٹیار کے بیان کے جواب میں آیا ہے۔
جنرل منوج کمار نے حال ہی میں ایک متنازع بیان دیا، جس میں انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کے پاس بھارت سے براہِ راست لڑنے کی صلاحیت نہیں، وہ (پاکستان) پہلگام جیسے ایک اور حملے کی کوشش کر سکتا ہے۔‘
بھارتی جنرل نے کہا کہ ”آپریشن سندور“ کا اگلا مرحلہ ”زیادہ مہلک“ ہوگا۔
جس کے جواب میں ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت کی فوجی قیادت سیاسی دباؤ میں ایسے بیانات دے رہی ہے جو خطے کے امن کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ’یہ پہلی بار نہیں کہ بھارت نے الیکشن سے قبل پاکستان مخالف بیانیہ چھیڑا ہو، ہر بار انتخابات سے پہلے اسی طرح کی اشتعال انگیزی دیکھی گئی ہے تاکہ اندرونی ووٹر بیس کو متاثر کیا جا سکے۔‘
آئی ایس پی آر نے ان بیانات کو غیرذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’بھارتی فوجی قیادت کا یہ طرزِ عمل سیاسی مفاد کے لیے جنگی جنون کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔‘
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج اس حقیقت کو ہضم نہیں کر پائی کہ انہیں معرکہ حق میں فیصلہ کن شکست ہوئی، بھارت کی جھوٹ کی پرتیں بے نقاب ہو چکی ہیں، دنیا اب بھارت کو سرحد پار دہشتگردی کا اصلی چہرہ اور علاقائی عدم استحکام کا مرکز مانتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت اپنے عوام اور پڑوسیوں کے مفاد کے منافی مہم جوئی اور بالادستی کی پالیسیوں پر اڑا ہوا ہے، پاکستانی عوام اور افواج اپنی دھرتی کے ہر انچِ کے دفاع کے لیے پوری صلاحیت اور پختہ عزم رکھتے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بھارتی مسلح افواج اور اس کے سیاسی آقاؤں کو پاکستانی صلاحیت اور عزم کو سمجھ لینا چاہیے، ہر جارحیتی اقدام کا جواب تیز، پختہ اور بھرپور انداز میں دیا جائے گا،جو اگلی نسلیں یاد رکھیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی عوام اور بین الاقوامی برادری کو جھوٹ باور کروائے جا رہےہیں، ہرپیشہ ور فوجی جانتا ہوگا کہ غیرضروری گھمنڈ اوربےجا بیانات جنگی جنون بڑھا سکتےہیں، ایسےعمل سے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
Aaj English














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔