Aaj News

امریکی میڈیا کا پینٹاگون کی پابندیاں ماننے سے انکار

آزاد اور خود مختار صحافت کےاصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، امریکی میڈیا
شائع 15 اکتوبر 2025 10:09am

امریکی میڈیا اداروں نے پینٹاگون کی جانب سے قومی سلامتی سے متعلق معاملات پر لگائی گئی پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات آزاد صحافت کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور وہ اس دباؤ کے باوجود امریکی فوج کی کوریج جاری رکھیں گے۔

سی این این، اے بی سی، سی بی ایس، این بی سی اور فاکس نیوز نے اپنے مشترکہ بیان میں پینٹاگون کی پالیسی کو ”غیر جمہوری اور آزادیٔ اظہار کے منافی“ قرار دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آزاد اور خودمختار صحافت کے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ امریکی عوام کو حقائق تک رسائی کا حق ہے اور ہم یہ ذمہ داری پوری کرتے رہیں گے۔ ساتھ ہی ان پابندیوں کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ عمل سے نہ صرف آزادئ صحافت پر قدغن بلکہ عوامی معلومات کا حق سلب کرنے کے بھی مترادف ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہم قومی سلامتی کا احترام کرتے ہیں لیکن آزاد اور خودمختار صحافت کے اصول پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پینٹاگون کے پریس آفس نے قومی سلامتی کی رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ ایک تحریری عہد نامے پر دستخط کریں۔ جس کا مقصد صحافیوں کو کسی بھی غیر منظور شدہ مواد کو حاصل کرنے یا استعمال کرنے سے گریز کرنے کا ذکر تھا۔

AAJ News Whatsapp

پینٹاگون کے ترجمان نے خبردار کیا تھا کہ جو صحافی اس پر دستخط نہیں کریں گے انہیں پینٹاگون کی عمارت تک رسائی سے محروم کیا جا سکتا ہے۔

ان پابندیوں کے خلاف ہی پانچ بڑے امریکی میڈیا اداروں نے منگل کی سہ پہر مشترکہ بیان جاری کیا اور واضح طور پر ان دستاویزات پر دستخط سے انکار کر دیا۔

Pentagon

CNN

Fox News

American Media

US MEDIA