گوگل کا بھارت میں اے آئی ڈیٹا سینٹر کے لیے 15 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان
گوگل نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے پانچ سالوں میں بھارت میں مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) کے لیے ایک ڈیٹا سینٹر قائم کرنے کے لیے 15 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ یہ ڈیٹا سینٹر بھارت کے جنوبی صوبے آندھرا پردیش میں قائم کیا جائے گا۔
رائٹرز کے مطابق یہ بھارت میں گوگل کی اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہوگی۔
نئی دہلی میں منعقدہ تقریب میں گوگل کلاؤڈ کے سی ای او تھامس کریان نے کہا کہ آندھرا پردیش کا یہ ڈیٹا سینٹر کمپنی کا امریکا کے باہر ”سب سے بڑا اے آئی ہب“ ہوگا۔
گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے اسی سے متعلق ایکس پر کی گئی پوسٹ میں لکھا کہ “یہ سینٹر طاقتور کمپیوٹنگ، نیا بین الاقوامی سمندری کنکشن اور مضبوط توانائی کے نظام کو یکجا کرے گا۔ جس سے ہم اپنی ٹیکنالوجی ہندوستان کی مارکیٹ اور صارفین تک پہنچا کر مصنوعی ذہانت میں جدت کے عمل کو تیز کریں گے۔
امریکی کمپنیوں کے بائیکاٹ کی اپیل
یہ منصوبہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بھارت اور امریکا کے درمیان تجارتی مسائل اور درآمدی ٹیکس کی وجہ سے تعلقات کشیدہ ہیں اور امریکی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے خلاف بائیکاٹ کی اپیلیں زور پکڑتی جا رہی ہیں۔
رائٹرز نے اپنے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے حالیہ ہفتوں میں متعدد امریکی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام سے نجی ملاقاتیں کی ہیں اور انہیں یقین دلایا ہے کہ تجارتی اختلافات کے باوجود وہ بھارت میں کاروباری ماحول کو آسان بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
گوگل نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ یہ منصوبہ بھارت اور امریکا دونوں کے لیے معاشی اور سماجی مواقع پیدا کرے گا، تاہم اس نے درآمدی ٹیکس کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی برآمدات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کر رکھا ہے جو کہ امریکا کے کسی بھی تجارتی شراکت دار کے لیے سب سے زیادہ شرحوں میں سے ایک ہے۔
Aaj English



















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔