Aaj News

ملک بھر میں 18 گھنٹوں کے لیے انٹرنیٹ بند، پی ٹی سی ایل نے صارفین کو خبردار کردیا

مرمتی کام 14 اکتوبر کو صبح 11 بجے شروع ہوگا اور یہ عمل تقریباً 18 گھنٹے تک جاری رہ سکتا ہے، پی ٹی سی ایل
اپ ڈیٹ 14 اکتوبر 2025 11:55am

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشنز لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے خبردار کیا ہے کہ منگل کی صبح سے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار میں نمایاں کمی اور سروس متاثر ہونے کا امکان ہے، کیونکہ انجینئرز ایک اہم زیرِ سمندر کیبل میں خرابی دور کرنے کے لیے مرمت کا کام کریں گے۔

پی ٹی سی ایل کے مطابق مرمتی کام 14 اکتوبر کو صبح 11 بجے شروع ہوگا اور یہ عمل تقریباً 18 گھنٹے تک جاری رہ سکتا ہے۔ کمپنی نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس دوران صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی اور رابطے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

کمپنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ”ایکس“ پر جاری اپنے پیغام میں کہا، ’مرمتی سرگرمی کے دوران صارفین کو انٹرنیٹ سروس میں کمی کا سامنا ہوگا، جس کے لیے ہم معذرت خواہ ہیں۔‘

یہ مرمت پاکستان میں انٹرنیٹ کے استحکام سے متعلق جاری مشکلات کا تازہ باب ہے۔ گزشتہ ماہ بھی پی ٹی سی ایل نے خبردار کیا تھا کہ سعودی عرب کے سمندری علاقوں میں زیرِ سمندر کیبل کو نقصان پہنچنے کے باعث انٹرنیٹ سروس متاثر ہوسکتی ہے۔

رواں سال جنوری کے اوائل میں بھی پاکستان کے انٹرنیٹ ڈھانچے کو اس وقت بڑا دھچکا لگا تھا جب ملک کو جوڑنے والی اے اے ای-1 (AAE-1) سب میرین کیبل میں خرابی پیدا ہوگئی تھی، جس سے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار شدید متاثر ہوئی۔ مکمل بحالی تقریباً دو ہفتے بعد 16 جنوری کو ممکن ہوئی تھی۔

سال 2024 کے دوران بھی پاکستانی صارفین نے بارہا رفتار میں کمی، رابطے کے مسائل اور سروس کے تعطل کی شکایات کیں، جس سے ملک کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر پر سوالات اٹھے۔

دوسری جانب، انٹرنیٹ مانیٹرنگ سروس ”ڈاؤن ڈیٹیکٹر“ نے پیر کے روز پاکستان میں فیس بک اور انسٹاگرام تک رسائی میں مشکلات کی بڑی تعداد میں شکایات درج کیں، حالانکہ مرمت کا کام ابھی شروع نہیں ہوا تھا۔

ماہرین کے مطابق، 18 گھنٹے پر محیط یہ مرمتی عمل کاروباری سرگرمیوں، ریموٹ ورکنگ، اور ای کامرس کے شعبے پر منفی اثر ڈال سکتا ہے، خاص طور پر اس وقت جب پاکستان کی آئی ٹی برآمدات مالی سال 2024 میں 3.2 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں۔

پی ٹی سی ایل نے فی الحال یہ واضح نہیں کیا کہ کس سب میرین کیبل میں خرابی پیدا ہوئی ہے، تاہم کمپنی اے اے ای-1، سی-می-وی 4 (SEA-ME-WE 4) اور سی-می-وی 5 (SEA-ME-WE 5) جیسے بین الاقوامی نظاموں کے ذریعے ملک کی عالمی انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی برقرار رکھتی ہے۔

ptcl

ptcl statement

Internet shutdown

internet and mobile service down