Aaj News

حکومت نے 20 اکتوبر کو تعطیل کا اعلان کردیا، نوٹیفکیشن جاری

اس زور تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے، نوٹیفکیشن
شائع 10 اکتوبر 2025 08:06pm

سندھ حکومت نے 20 اکتوبر بروز پیر کو صوبے بھر میں تعطیل کا اعلان کردیا، اس زور تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔

پرو پاکستانی کے مطابق سندھ حکومت نے ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پر صوبے بھر میں 20 اکتوبر 2025 کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ یہ تعطیل تمام سرکاری دفاتر، خود مختار و نیم خود مختار اداروں، کارپوریشنز اور بلدیاتی کونسلوں پر لاگو ہوگی جو سندھ حکومت کے انتظامی کنٹرول میں آتے ہیں۔

چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ کے دستخط سے جاری نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ تعطیل صرف ہندو برادری کے لیے ہوگی تاکہ صوبائی محکموں اور ذیلی اداروں میں کام کرنے والے ہندو ملازمین اپنے مذہبی تہوار کو روایتی جوش و خروش سے منا سکیں۔

نوٹیفکیشن کی نقول عمل درآمد کے لیے صوبے کے اعلیٰ سرکاری افسران بشمول اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹریز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ارسال کر دی گئی ہیں۔

AAJ News Whatsapp

یہ اقدام سندھ حکومت کی اس دیرینہ پالیسی کا تسلسل ہے جس کے تحت صوبے میں اقلیتی برادریوں کے مذہبی و ثقافتی مواقع پر ان کے لیے خصوصی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں تاکہ مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دیا جا سکے۔

خیال رہے دیوالی ہندو برادری کا اہم ترین تہوار ہے جو روشنیوں کا جشن کہلاتا ہے، اس موقع پر گھروں، مندروں اور گلیوں کو چراغاں کیا جاتا ہے۔ پاکستان سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ہندو برادری کی جانب سے دیوالی جوش و جذبے سے منائی جاتی ہے۔

Sindh government

Notification

holiday

Public Holiday

Holi Festival