جاپان کا سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے دو غیر سرکاری تنظیموں کی مالی معاونت کا اعلان
جاپان کی حکومت نے سندھ میں سماجی ترقی کے دو منصوبوں کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جاپان نے دو مقامی غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کو مجموعی طور پر تقریباً 99,967 امریکی ڈالر، یعنی پاکستانی تقریباً 2 کروڑ 83 لاکھ روپے کی گرانٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ امداد ”گرانٹ اسسٹنس فار گراس روٹس ہیومن سیکیورٹی پروجیکٹس“ (GGP) کے تحت دی جا رہی ہے، جس کا مقصد مقامی سطح پر انسانی زندگی کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
گرانٹ کے معاہدوں پر دستخط کی تقریب جمعرات، 9 اکتوبر 2025 کو کراچی میں جاپان کے قونصل خانے میں منعقد ہوئی، جہاں جاپانی قونصل جنرل ہاتوری مسارو اور دونوں تنظیموں کے نمائندوں نے دستخط کیے۔
گرانٹ حاصل کرنے والی تنظیموں میں ”محمدی ہیماٹولوجی، آنکولوجی سروسز اینڈ ویلفیئر فاؤنڈیشن“ (محمدی فاؤنڈیشن) اور ”شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہائی اسکول“ شامل ہیں۔

جاپانی کونسل خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محمدی فاؤنڈیشن کو 40,953 امریکی ڈالر (تقریباً 1 کروڑ 16 لاکھ روپے) کی امداد فراہم کی جائے گی۔ یہ رقم جدید طبی آلات کی خریداری کے لیے استعمال ہوگی تاکہ خون کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی بہتر اور بروقت تشخیص ممکن بنائی جا سکے۔
فاؤنڈیشن کے مطابق اس منصوبے سے روزانہ تقریباً 120 خون کے نمونوں کی جانچ کی جا سکے گی، جس سے مریضوں کو معیاری علاج کی سہولت وقت پر مل سکے گی۔
دوسری تنظیم، شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہائی اسکول کو 59,014 امریکی ڈالر (تقریباً 1 کروڑ 67 لاکھ روپے) کی گرانٹ دی گئی ہے۔ اس گرانٹ سے اسکول میں نئے کلاس رومز کی تعمیر، سائنس لیبارٹری کے آلات کی فراہمی اور طلبہ کے لیے ٹرانسپورٹ وہیکل کی خریداری کی جائے گی۔
اسکول انتظامیہ کے مطابق اس امداد سے طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول اور محفوظ سفر کی سہولت میسر آئے گی، جس سے ان کی تعلیم کا تسلسل برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپان کے قونصل جنرل ہاتوری مسارو نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ محمدی فاؤنڈیشن اور بینظیر بھٹو ہائی اسکول عوامی خدمت کے اپنے مشن کو مزید فروغ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جاپان حکومت پاکستان میں مقامی تنظیموں کے ساتھ مل کر سماجی بہبود کے منصوبوں کی حمایت جاری رکھے گی تاکہ عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔
قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ جاپان کا یہ امدادی پروگرام پاکستان کے عوام کے ساتھ دیرینہ دوستی اور تعاون کی ایک روشن مثال ہے، جس کا مقصد صحت، تعلیم اور انسانی فلاح کے شعبوں میں پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔
Aaj English

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔