Aaj News

ویمنز ورلڈ کپ: 76 رنز پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد بھی آسٹریلیا نے پاکستان کو حیران کن طور پر ہرادیا

آسٹریلیا کے 222 رنز کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 36.3 اوورز میں 114 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی
اپ ڈیٹ 08 اکتوبر 2025 10:30pm

ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 107 رنز کے بھاری مارجن سے سے شکست دے کر ایک اور شاندار کامیابی اپنے نام کر لی، یہ قومی ٹیم کی میگا ایونٹ میں مسلسل تیسری ہار ہے۔

کولمبو میں کھیلے گئے ویمنز ورلڈ کپ کے نویں میں پاکستان ویمنز ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے تاہم 222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 36.3 اوورز میں 114 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔

آسٹریلیا کی بیٹنگ

پاکستانی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ان کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا کیوں کہ اننگز کے آغاز میں آسٹریلوی بیٹنگ لائن پاکستانی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔

پاکستانی بولرز کی شاندار بولنگ کی بدولت آسٹریلوی ٹیم صرف 76 رنز پر 7 وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی، جہاں نَشرا سندھو نے تباہ کن اسپیل کے ذریعے مخالف بلے بازوں کو مشکلات میں ڈال دیا تھا۔

اس موقع پر لگ رہا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم 100 رنز بھی بمشکل کر پائے گی مگر اس موقع پر بیتھ مونی اور ایلینا کنگ نے پاکستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

اس کے بعد بیتھ مونی اور آلانا کنگ نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور آٹھویں وکٹ پر 109 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

AAJ News Whatsapp

بیتھ مونی نے مشکل وقت میں ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اور شاندار سینچری اسکور کی، انہوں نے 95 کے رن ریٹ سے 114 گیندوں پر 109 رنز بنائے۔

دسویں نمبر پر کھیلنے کے لیے آنے والی ایلینا کنگ نےبھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 49 گیندوں پر 51 رنز کی ناٹ آؤٹ کھیلی۔

دیگر بیٹرز میں کتپان ایلیسا ہیلی 20، کم گارتھ 11، فیبی لِچ فیلڈ 10، ایلیس پیری 5، ٹاہلیا مک گرا 5، اینابیل سندرلینڈ اور ایشلی گارڈنر ایک، ایک جب کہ جورجیا ویرہم صفر پر آؤٹ ہوئیں۔

اس طرح آسٹریلوی مقررہ ٹیم 50 اوورز 9 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنا سکی اور پاکستان کو جیت کے لیے 222 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی جانب سے ناشرا سندھو نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ رامین شمیم اور فاطمہ ثنا نے 2، 2 جب کہ سعدیہ اقبال اور ڈیانا بیگ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی بیٹنگ

222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ پھر ناکام رہی، کوئی بھی پاکستانی بیٹر قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی اور پاکستان کی وکٹیں یکے بعد دیگر گرتی چلی گئیں، سدرہ امین نے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے۔

پاکستانی اوپننگ بیٹرز صدف شمس اور منیبہ بالترتیب 5 اور 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، ان کے بعد اسٹار بیٹر سدرہ امین نے آسٹریلوی باؤلرز کی مزاحمت کی، مگر دوسرے اینڈ سے کوئی ان کا ساتھ نہ دے سکا۔

نتالیا پرویز ایک، ایمن فاطمہ صفر پر آؤٹ ہوئیں جب کہ کپتان فاطمہ ثنا بھی محض 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔ ڈیان بیگ نے 7 اور نشرح سندھو نے 11 رنز بنائے۔

اس طرح پوری ٹیم 37 ویں اوور میں 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور آسٹریلیا نے یہ میچ باآسانی 107 رنز کے بڑے مارجن سے اپنے نام کرلیا۔ یہ پاکستان کی ورلڈ کپ میں مسلسل تیسری شکست ہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کم گریتھ نے 3 ، میگن شٹ نے 2 اور جب کہ ایلینا کنگ، انابیل سیدرلینڈ، ایشلی گارڈنر اور جارجیا ریہم کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

آسٹریلیا نے اس کامیابی کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پراپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی جب کہ پاکستان کے لیے اگلے میچز “کرو یا مرو” کی صورت حال اختیار کرگئے ہیں۔

میچ کا ٹاس

قبل ازیں ویمنز ورلڈ کپ کے 9 ویں میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کے خلاف پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان ویمنزٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کا ٹاس کے بعد کہنا تھا کہ کنڈیشنز کو دیکھ کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے، ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، عالیہ ریاض کی جگہ ایمان فاطمہ کو شامل کیا گیا ہے، ہمیں بیٹنگ میں اچھی پارٹنر شپ کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان کو بھارت اور بنگلہ دیش سے بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ایونٹ میں قومی ویمنز ٹیم اپنا چوتھا میچ 15 اکتوبر کو انگلینڈ سے کھیلے گی۔

icc womens world cup 2025

womens world cup 2025

Pakistan, Women’s World Cup

pakistan women vs australia women