Aaj News

ترجمان پاک فوج کا بلوچستان یونیورسٹی کا دورہ، طلبا سے پیشہ ورانہ امور پر گفتگو

نشست میں سوالات و جوابات کے دوران پاک فوج کی کارکردگی اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی گئی
شائع 05 اکتوبر 2025 04:44pm

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کوئٹہ کا دورہ کیا اور سیشن کے دوران پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور پر طلبا سے تفصیلی گفتگو کی۔

اتوار کو ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (بیوٹمز) کوئٹہ کا خصوصی دورہ کیا۔

اس موقع پر ترجمان پاک فوج نے طلبا و طالبات اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ ایک جامع انٹریکٹو سیشن منعقد کیا، جس میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور، بلوچستان کی سیکیورٹی صورت حال، ”معرکۂ حق“ میں پاک فوج کی کامیابیوں، عوام و فوج کے درمیان تعاون اور سوشل میڈیا کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

سیشن کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاک فوج کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جنگ، قومی سلامتی کے لیے کی جانے والی کوششوں اور بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے طلبا کو بتایا کہ پاک فوج نہ صرف ملکی دفاع بلکہ قوم کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے بھی مسلسل کام کر رہی ہے سیشن میں طلبا کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیے گئے، جس سے ان کے متعدد ابہامات دور ہوئے۔

طلبا نے اس سیشن کو نہایت معلوماتی اور بصیرت افروز قرار دیتے ہوئے کہا “آج کے انٹریکٹو سیشن میں ہمارے سوالات کے تفصیلی اور تسلی بخش جوابات دیے گئے، جس سے ہماری معلومات میں اضافہ ہوا اور کئی غلط فہمیاں دور ہوئیں۔

AAJ News Whatsapp

ہماری خواہش ہے کہ بلوچستان میں اس طرح کے مزید سیشنز منعقد ہوں تاکہ یوتھ کی آگاہی اور شعور میں اضافہ ہو ایک طالب علم نے مزید کہا کہ پاک فوج کی قربانیوں اور کامیابیوں کو جان کر ہمیں فخر ہے، اور ہم چاہتے ہیں کہ فوج اور عوام کے درمیان یہ رابطہ مزید مضبوط ہو۔

فیکلٹی ممبران اور طالبات نے بھی سیشن کو انتہائی مفید قرار دیا اور اسے ایک مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے مزید ایسی نشستوں کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے سیشنز سے نہ صرف طلبا کی معلومات میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ وہ قومی اداروں کے ساتھ اپنے تعلق کو بھی مضبوط محسوس کرتے ہیں۔

طلبا نے خاص طور پر ”معرکہ حق“ میں پاک فوج کی شاندار کامیابیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، نظم و ضبط اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کردار کو سراہا۔

سیشن کے اختتام پر طلبا اور فیکلٹی نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے پروگرامز کا انعقاد جاری رہے گا۔ یہ سیشن پاک فوج اور عوام، خاص طور پر نوجوان نسل کے درمیان رابطوں کو مضبوط کرنے کی ایک کامیاب کوشش ثابت ہوا۔

پاک فوج کی جانب سے اس طرح کے اقدامات سے بلوچستان کے طلبا میں قومی اداروں پر اعتماد بڑھ رہا ہے اور وہ ملکی ترقی و سلامتی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

ISPR

DG ISPR

lieutenant general ahmed sharif chaudhry

ahmed sharif chaudhry

Inter Services Public Relations (ISPR)

says DG ISPR

buitems

Balochistan University of Information Technology, Engineering and Management Sciences