آئی فون 17 کی ٹکر پر سام سنگ ’گلیکسی زی فولڈ 7‘ کا اسپیشل ایڈیشن لانچ کرنے کا اعلان
ٹیکنالوجی کی دنیا میں سام سنگ ایک بار پھر اپنی جدت کا مظاہرہ کرنے جا رہا ہے۔ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس ماہ چین میں اپنے مشہور فولڈ ایبل فون ’Galaxy Z Fold 7‘ کا ایک خاص ایڈیشن متعارف کروارہاہے۔ یہ خاص ماڈل، جس کا کوڈ نام ’W26‘ ہے۔
سام سنگ کی چینی ویب سائٹ پر شائع کردہ معلومات کے مطابق، یہ نیا فولڈ ایبل فون 11 اکتوبر کو شام 4 بجے چین کے وقت کے مطابق لانچ کیا جائے گا، جو پاکستان میں دن ایک بجے کا وقت ہوگا۔ کمپنی کی جاری کردہ تشہیری تصویر میں فون کا خاکہ دکھایا گیا ہے، جو ایک کتاب کی طرح کھلنے والے ڈیزائن کو ظاہر کرتا ہے، اور اسے سیاہ اور سرخ رنگ کے ساتھ سنہری فریم میں دکھایا گیا ہے۔

اس فون کے بارے میں فی الحال تمام تفصیلات سامنے نہیں آئیں، تاہم اطلاعات کے مطابق یہ ماڈل اپنے پہلے ورژن سے تھوڑا پتلا اور ہلکا ہوگا۔ ممکنہ طور پر اس میں کیمرہ سسٹم میں معمولی بہتری، بڑا ڈسپلے اور کچھ دیگر تبدیلیاں شامل ہوں گی۔ پچھلے سال سام سنگ نے گلیکسی زی 6 اسپیشل ایڈیشن بھی چین میں متعارف کروایا تھا جس میں پتلا ڈیزائن، بہتر ڈسپلے اور 200 میگا پکسل کا مین کیمرہ شامل تھا۔ امکان ہے کہ اس نئے ماڈل میں بھی اسی طرح کے اپ گریڈز ہوں گے۔
توقع ہے کہ گلیکسی زی فولڈ 7 اسپیشل ایڈیشن میں وہی طاقتور انٹرنل ہارڈویئر استعمال ہوگا جو معیاری ماڈل میں ہے، جس میں اسنیپ ڈریگن 8 الائٹ چپ، 16جی بی ریم، اور ون ٹیرا بائٹ تک اسٹوریج شامل ہے۔ فون ممکنہ طور پر One UI 8.0 کے ساتھ اینڈرائیڈ 16 پر چلایا جائے گا۔ رپورٹس کے مطابق یہ ماڈل محدود تعداد میں صرف چین میں دستیاب ہوگا۔

اسی دوران سام سنگ ایک اور دلچسپ منصوبے پر بھی کام کر رہا ہے۔ کمپنی سال کے آخر تک اپنا پہلا ’ٹری فولڈ فون‘ لانچ کرنے کی تیاری کر رہی ہے، جس کے ممکنہ اعلان کا وقت اکتوبر 31 سے پہلی نومبر کے درمیان جنوبی کوریا میں ہونے والے APEC سمٹ میں ہو سکتا ہے۔
یہ نئی پیشکش سام سنگ کی فولڈ ایبل فونز کی دنیا میں ایک اور قدم ہے، جو موبائل ٹیکنالوجی میں جدت اور اسٹائل کے نئے معیار قائم کرنے کا عزم ظاہر کرتی ہے۔
Aaj English



















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔