ایشوریا ابھیشیک کی شکایت کے بعد یوٹیوب نے سیکڑوں اے آئی ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں
بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف جوڑے ایشوریا رائے بچن اور ابھیشیک بچن کی جانب سے عدالت سے رجوع کے بعد گوگل کے پلیٹ فارم ”یوٹیوب“ نے سینکڑوں اے آئی (مصنوعی ذہانت) سے بنائی گئی ویڈیوز ڈیلیٹ کر دی ہیں۔ ان ویڈیوز کو مجموعی طور پر 1 کروڑ 60 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا تھا۔
یہ ویڈیوز ”اے آئی بالی وُڈ عشق“ نامی یوٹیوب چینل پر موجود تھیں جن میں کئی معروف اداکاروں کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے قابلِ اعتراض یا رومانوی مناظر میں دکھایا گیا تھا۔
چینل پر موجود 259 ویڈیوز میں سے کئی میں مشہور شخصیات کو بوس و کنار یا رومانوی لمحات میں پیش کیا گیا تھا۔
جمعے کے روز چینل کا پیج حذف کر دیا گیا، جس پر اب یہ پیغام دکھائی دے رہا ہے: ”یہ صفحہ دستیاب نہیں ہے۔“
بچن جوڑے کی عدالت سے اپیل
خبر رساں ادارے ”رائٹرز“ کے مطابق، ابھیشیک بچن اور ان کی اہلیہ ایشوریا رائے نے نئی دہلی کی عدالت میں ایک درخواست دائر کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے بنائی گئی یہ ویڈیوز ان کے باہمی املاک حقوق (intellectual property rights) کی خلاف ورزی ہیں۔
ان میں ایک کلپ میں ابھیشیک کو ایک اداکارہ کو بوسہ دیتے دکھایا گیا ہے، جو مکمل طور پر اے آئی کے ذریعے تیار کیا گیا ہے، جبکہ ایک اور ویڈیو میں ایشوریا اور سلمان خان کو کھانے کی میز پر بیٹھا دکھایا گیا ہے، اور پس منظر میں ”غصے سے دیکھتے“ ابھیشیک کی اے آئی تصویر شامل ہے۔
انہوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ایسے مواد کو ہٹایا جائے اور مستقبل میں اس کی تیاری پر بھی پابندی لگائی جائے۔
درخواست میں یوٹیوب کی اے آئی ٹریننگ پالیسی کو بھی چیلنج کیا گیا ہے۔
عدالت نے گزشتہ ماہ چند مخصوص لنکس ہٹانے کا حکم دیا تھا، تاہم رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اس کے باوجود سیکڑوں اسی نوعیت کی ویڈیوز یوٹیوب پر موجود تھیں۔
ہرجانے کا مطالبہ
بچن جوڑے نے گوگل اور کچھ غیر معروف ویب سائٹس کے خلاف 4 لاکھ 50 ہزار ڈالر (تقریباً 12 کروڑ پاکستانی روپے) کے ہرجانے کا بھی مطالبہ کیا ہے جو ان کی تصاویر اور مشابہت استعمال کرتے ہوئے غیر مجاز مصنوعات بیچ رہی ہیں۔
”اے آئی بالی وُڈ عشق“ چینل بند
رائٹرز کے مطابق، ”اے آئی بالی وُڈ عشق“ نامی یوٹیوب چینل سب سے زیادہ مقبول تھا اور اس کی ایک ویڈیو میں سلمان خان اور ایشوریا رائے کو مصنوعی انداز میں ایک سوئمنگ پول میں دکھایا گیا تھا، جسے 41 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا۔
یاد رہے کہ سلمان خان ماضی میں ایشوریا رائے کے ساتھ تعلقات میں رہ چکے ہیں۔
یوٹیوب نے رائٹرز کو ایک ای میل میں بتایا کہ مذکورہ چینل خود تخلیق کار نے حذف کیا ہے، اور اس کا مواد اب پلیٹ فارم پر دستیاب نہیں۔
یوٹیوب نے مزید کہا کہ وہ ’ایسے مواد کو ہٹا دیتا ہے جو تکنیکی طور پر تبدیل شدہ یا گمراہ کن ہو اور صارفین کو دھوکا دینے کا سبب بنے۔‘
یوٹیوب کی سب سے بڑی بھارتی مارکیٹ متاثر
بھارت یوٹیوب کی سب سے بڑی عالمی مارکیٹ ہے جہاں تقریباً 60 کروڑ صارفین اس پلیٹ فارم سے وابستہ ہیں، اور یہاں بالی وُڈ ویڈیوز، تفریحی کلپس اور گانوں کی ویڈیوز بے حد مقبول ہیں۔
تاہم یوٹیوب پر اب بھی کچھ ایسی ویڈیوز موجود ہیں جن کی مثالیں ابھیشیک بچن کے مقدمے میں دی گئی تھیں۔
Aaj English



















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔