بڑے سائبر حملے کے بعد جاپان میں شراب کی قلت پیدا ہوگئی
جاپان کی مشہور بیئر ساز کمپنی اساہی گروپ پر سائبر حملے کے بعد ملک بھر کے ریستوران، بارز اور اسٹورز میں بیئر اور دیگر مشروبات کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ حملے کو پانچ دن گزر جانے کے باوجود کمپنی کا نظام مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکا۔
رائٹرز کے مطابق ”سپر ڈرائی“ بیئر، ”نِکا وِسکی“ اور دیگر غیر الکحل مشروبات کے لیے مشہور اساہی گروپ نے پیر کے روز سائبر حملے کے باعث اپنے تمام نظام، جن میں آرڈر پروسیسنگ، شپنگ اور کال سینٹر کی خدمات شامل ہیں، عارضی طور پر بند کر دیے تھے۔
کمپنی کے مطابق بدھ کے روز اس نے کچھ مخصوص مصنوعات کے آرڈر ہاتھ سے لکھ کر اور کسٹمرز کے پاس جا کر لینا شروع کیے۔
کمپنی اس وقت صرف کھانے پینے اور سافٹ ڈرنکس کے آرڈر لے رہی ہے، جبکہ الکحل مشروبات کے نئے آرڈر روک دیے گئے ہیں تاکہ دستیاب ذخیرہ ترجیحی بنیاد پر بھیجا جا سکے۔
رینسم ویئر حملے کی تصدیق
جمعے کی شام اساہی گروپ نے باضابطہ اعلان کیا کہ کمپنی کے سرورز پر رینسم ویئر حملہ ہوا ہے، جس کے بعد اس کے کمپیوٹر سسٹمز متاثر ہوئے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ بیرونی ماہرین کی مدد سے نظام کی بحالی پر کام کر رہی ہے، تاہم یہ کہنا ابھی ممکن نہیں کہ مکمل آپریشن کب بحال ہو گا۔
کمپنی نے بتایا کہ اگلے ہفتے تک کال سینٹرز دوبارہ فعال کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ صارفین سے فون پر رابطہ ممکن ہو سکے۔
مالی نقصان کا خدشہ
اساہی گروپ نے کہا کہ وہ اس سائبر حملے کے ممکنہ مالیاتی اثرات کا جائزہ لے رہی ہے۔ کمپنی کے حصص میں اب تک تقریباً چار فیصد کمی آچکی ہے جو فروری کے بعد کم ترین سطح ہے۔
عالمی سطح پر سائبر حملوں کی نئی لہر
یہ واقعہ ان سائبر اور رینسم ویئر حملوں کے سلسلے کی ایک اور کڑی ہے جنہوں نے حالیہ مہینوں میں کئی عالمی کمپنیوں کو نشانہ بنایا ہے۔ برطانیہ میں جیگوار لینڈ روور کو گزشتہ ماہ اپنی فیکٹریاں عارضی طور پر بند کرنا پڑی تھیں، جبکہ مارکس اینڈ اسپنسر اور کوآپ گروپ بھی اسی نوعیت کے حملوں کا شکار ہوئے۔
جاپانی ریستورانوں میں بحران
ٹوکیو میں ایک مشہور ریستوران ”کُشییاکی توسا کا“ نے بتایا کہ ان کے پاس اب صرف آخری بیئر کا پیپا بچا ہے، اور سپلائر نے ایک دن پہلے ہی انہیں مقابل کمپنی ساپورو کی بیئر فراہم کی ہے۔
ریستوران کی شیف ٹومیکو یانو نے کہا، یہ مسئلہ بن گیا ہے۔ ہمارا ریستوران ”یَکیتوری“ (چکن کے باربی کیو اسٹکس) میں خاص شہرت رکھتا ہے اور یہ سپر ڈرائی کے ساتھ بہترین لگتا ہے۔ کئی گاہک یہی مانگتے ہیں، اس لیے میں اس قلت پر فکر مند ہوں۔’
دوسری جانب جاپان کی مشہور اسٹور چینز لاوسن، فیملی مارٹ اور سیون الیون نے تصدیق کی ہے کہ وہ بھی اس بحران سے متاثر ہیں اور متبادل مصنوعات بیچنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
Aaj English

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔