کراچی سمیت سندھ بھر میں آج بھی بارش کا امکان
کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں میں آج بھی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی گجرات سے ہوا کے کم دباؤ کا ایک سسٹم بحیرہ عرب میں داخل ہو رہا ہے، جس کے باعث مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے۔ شمال مشرق سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
اس سے قبل منگل کے روز کراچی میں تیز بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا تھا تاہم چند گھنٹوں کی بارش نے شہر کے نظام زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا۔ ایم اے جناح روڈ، شارع فیصل سمیت شہر کی اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی۔ یونیورسٹی روڈ تالاب کا منظر پیش کرنے لگا جبکہ گڑھوں اور پانی کے باعث بدترین ٹریفک جام کا سامنا رہا۔
عیسیٰ نگری، حسن اسکوائر اور کارساز سے ڈرگ روڈ تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں، جب کہ ڈیفنس کورنگی روڈ پر بھی کئی کلومیٹر تک ٹریفک جام رہا۔ جہانگیر روڈ، تین ہٹی اور گلبہار کی سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔ اسی طرح اولڈ سٹی ایریا، گارڈن، رام سامی اور لی مارکیٹ کی سڑکیں بھی بارش کے پانی میں ڈوبی رہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش ایئرپورٹ کے اطراف ریکارڈ کی گئی جہاں 23 ملی میٹر بارش نوٹ کی گئی۔ شہریوں نے شکایت کی کہ بلدیاتی اداروں کی ناقص کارکردگی کے باعث معمولی بارش کے بعد بھی شہر کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگتی ہیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
Aaj English















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔