Aaj News

افغانستان کی طالبان حکومت نے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بند کردی

کابل سمیت کئی علاقوں میں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ مکمل طور پر بند ہے
شائع 29 ستمبر 2025 10:02pm

افغانستان میں طالبان حکومت نے ملک بھر میں فائبر آپٹک انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی ہیں، جس سے نہ صرف دارالحکومت کابل بلکہ متعدد صوبے بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔

افغانستان کی خبر رساں ویب سائیٹ کابل ناؤ کے مطابق انٹرنیٹ بلیک آؤٹ کی اس تازہ لہر نے شہریوں، کاروباری طبقے، طلبہ اور میڈیا اداروں کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔

فائبر آپٹک نیٹ ورک کی بندش کا آغاز 29 ستمبر پیر کی شام ہوا، جو اب پورے ملک میں پھیل چکی ہے۔ کابل سمیت کئی علاقوں میں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ مکمل طور پر بند ہے، جب کہ موبائل ڈیٹا بھی صرف 2G رفتار پر کام کر رہا ہے، جو بمشکل بنیادی رابطے قائم رکھنے کے قابل ہے۔

AAJ News Whatsapp

متعدد انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں نے تصدیق کی ہے کہ انٹرنیٹ کی بندش طالبان حکومت کے حکم پر کی گئی ہے۔ ایک افغان میڈیا ادارے نے بھی خبردار کیا ہے کہ اس اقدام سے ان کی نشریاتی سرگرمیاں شدید متاثر ہوں گی۔

طالبان حکام کا مؤقف ہے کہ انٹرنیٹ سروسز کی معطلی کا مقصد ”غیراخلاقی اور نقصان دہ مواد“ تک عوامی رسائی کو روکنا ہے۔ تاہم، شہری اور کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام دراصل اظہارِ رائے کی آزادی کو دبانے اور آزاد میڈیا کو خاموش کرنے کی کوشش ہے۔

افغانی خبر رساں ادارے کے مطابق طلبہ نے بھی آن لائن کلاسز اور اسکالرشپ پروگرامز تک رسائی ختم ہونے کی شکایت کی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں اور میڈیا واچ ڈاگز نے انٹرنیٹ بندش کو بنیادی شہری آزادیوں کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

سائبر سیکیورٹی اور انٹرنیٹ گورننس پر نظر رکھنے والی ادارے نیٹ بلاکس نے ’ایکس‘ اپنی ٹوئیٹ میں بتایا کہ پورے ملک میں ٹیلی کمیونی کیشن کا بلیک آؤٹ نافذ ہے۔

ادارے کے مطابق قومی سطح پر انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی عام حالات کے مقابلے میں صرف 14 فیصد رہ گئی ہے اور یہ صورتحال جان بوجھ کر انٹرنیٹ سروسز کو منقطع کرنے کے مترادف لگتی ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ طالبان کا یہ اقدام ڈیجیٹل کنٹرول کو سخت کرنے اور افغانستان کو عالمی برادری سے مزید تنہا کرنے کی ایک اور کوشش ہے۔

afghanistan

Taliban

Internet blackout

Internet shutdown