Aaj News

’ہر چیز کا علاج بی آئی ایس پی نہیں‘ — مریم نواز کے بیان پر شازیہ مری کا سخت ردعمل

ہر چیز کا علاج بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نہیں، مریم نواز
شائع 29 ستمبر 2025 08:20pm

مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان پنجاب کے انتظامی امور اور امدادی پروگرامز کو لے کر سیاسی اختلافات عروج پر پہنچ گئے ہیں، جہاں دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے کو کام نہ کرنے اور غیر ذمہ داری کا الزام دیا ہے۔

وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے کھل کر کہا ہے کہ پنجاب کے معاملات میں پیپلز پارٹی کی مداخلت برداشت نہیں کریں گی اور واضح کیا کہ ہر مسئلہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے حل نہیں ہوتا۔

مریم نواز نے کہا کہ پانی، پیسہ اور نہروں کے معاملے پر سیاست بند کی جائے، سندھ میں کام کریں، ہمیں خوشی ہوگی مگر کچھ کریں تو سہی۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بھی شازیہ مری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عقل کل بننے کی کوشش مت کریں، ڈکٹیشن بھی آپ دے رہے دھمکیاں بھی آپ دے رہے ہیں، جہاں آپ کا مینڈیٹ نہیں ہے وہاں خوامخواہ ڈیڑھ گز کی مسجد بنانے کی کوشش نہ کریں۔

AAJ News Whatsapp

عظمٰی بخاری نے کہا کہ بلاول بھٹو جو دودھ اور شہد کی نہریں بہانا چاہتے وہ سندھ میں بہالیں جہاں ان کے پاس مینڈیٹ ہے، پنجاب نے مریم نواز کو مینڈیٹ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو معلوم ہے اپنے لوگوں کے مسائل حل کیسے کرنے ہیں اور وہ حل کر بھی رہی ہیں، پنجاب حکومت بس آئی ایس پی کے تحت بارہ، بارہ ہزار روپے تقسیم نہیں کرسکتی۔

وزیراطلاعات پنجاب نے شازیہ مری کے جواب میں مزید کہا کہ ایسے لالی پاپ آپ سندھ کے عوام کو دیں، 2022 سے نکل آئیں یہ 2025 ہے۔

پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے مریم نواز کی تنقید پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ قیادت باتوں سے نہیں،عملی کام سے نظر آتی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب یاد رکھیں، لیڈر خدمت کرتے ہیں، دھمکیاں نہیں دیتے۔

شازیہ مری نے کہا کہ بلاول بھٹو نے مطالبہ کیا کہ ریلیف بی آئی ایس پی کے ذریعے دیا جائے، 2022 کے سیلاب متاثرین کو فی خاندان 25 ہزار دیے گئے تھے، ہم سیلاب متاثرہ افراد کی مدد پر توجہ جاری رکھیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ متاثرین کا ریلیف ہماری ترجیح ہے، قدرتی آفت کے وقت انا اور غرورکی نہیں، بلکہ عوام کی مدد کی اہمیت ہے۔

Maryam Nawaz

Shazia Marri

bisp

Pakistan People's Party (PPP)

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

Floods 2025