Aaj News

یمن سے داغے گئے میزائل کے بعد تل ابیب ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل

حساس اسرائیلی تنصیبات پر ہائپرسونک میزائل اور ڈرون حملے کیے، حوثی گروپ کا دعویٰ
اپ ڈیٹ 29 ستمبر 2025 07:51pm

اسرائیل نے یمنی مسلح افواج کی جانب سے میزائل حملے کے بعد تل ابیب انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تمام آمد و رفت کی پروازیں معطل کردیں۔

ترکیہ خبر رساں ادارے “انادولو’ کے مطابق، حملے کے بعد بن گورین ایئرپورٹ پر ٹیک آف اور لینڈنگ روک دی گئی، جس سے مقامی اور بین الاقوامی کئی ایئرلائنز کی پروازیں متاثر ہوئیں۔

اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے فضائی دفاعی نظام نے یمن سے داغے گئے میزائل کو کامیابی سے روک لیا، تاہم اس دوران قابض اسرائیل کے مختلف علاقوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے۔

AAJ News Whatsapp

رپورٹس میں مزید بتایا گیا ایئر ڈیفنس سسٹم نے یمن سے داغا گیا ایک میزائل راستے میں ہی تباہ کر دیا۔ تاہم، میزائل حملے کے دوران تل ابیب کے گردونواح اور جنوبی ساحلی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے، جو کہ لاکھوں شہریوں پر مشتمل علاقے ہیں۔

بن گورین ہوائی اڈے پر کچھ وقت کے لیے پروازوں کی آمدورفت روک دی گئی۔ یہ اقدام بظاہر احتیاطی تدبیر کے طور پر کیا گیا اور بعد میں سکیورٹی جائزے کے بعد پروازیں بحال کردی گئیں۔

ادھر یمنی حوثی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ”متعدد حساس اسرائیلی اہداف“ کو ہائپرسونک بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا، جس میں کئی وارہیڈ شامل تھے۔ گروپ نے مزید دعویٰ کیا کہ اسرائیل کے جنوبی شہر ایلات میں دو ”اہم تنصیبات“ کو بھی ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا گیا۔

تازہ حملہ اسرائیل کی جانب سے صنعا میں حوثی اہداف پر فضائی بمباری کے تین دن بعد ہوا، جس میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور 140 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

یہ حملہ اس وقت ہوا جب یمنی مزاحمتی جماعت انصار اللہ نے مقبوضہ ایلات پر دو ڈرون حملے کیے تھے جس کے نتیجے میں 50 صہیونی زخمی ہوئے جن میں تین کی حالت نازک بتائی گئی۔ یہ بات صہیونی نشریاتی ادارے نے تسلیم کی۔

اس کے بعد انصار اللہ نے ایک بڑے فوجی آپریشن کا اعلان کیا جس میں “فلسطین 2” نامی ایک جدید ہائپر سونک بیلسٹک میزائل استعمال کیا گیا جو کثیرالرسل وارہیڈز کے ساتھ یافا میں حساس صہیونی تنصیبات پر داغا گیا۔

یمنی مسلح افواج نے اپنے بیان میں کہا کہ مقبوضہ فلسطین کے اندر صہیونی اہداف کو نشانہ بنانا غزہ کے عوام کے خلاف قابض اسرائیل کے اجتماعی قتل عام اور یمن پر جاری جارحیت کا براہِ راست جواب ہے۔

Flight operations

at Tel Aviv

airport suspended

after missile attack

from Yemen