Aaj News

بلوچستان اسمبلی میں مائنزاینڈ منرلز ایکٹ کا ازسرِ نو جائزہ لینے کی قرارداد منظور

اپوزیشن اور باہر کی جماعتوں کو آفر کی کہ مل بیٹھ کر بات کریں، سرفراز بگٹی
شائع 29 ستمبر 2025 05:55pm

بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں بلوچستان مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کا ازسرِ نو جائزہ لینے سے متعلق قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

چیئرمین آف پینل رحمت صالح کی زیر صدرارت بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ پہلے دن سے ہم نے اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کوشش کی ہے اور ہمارا مؤقف رہا ہے کہ تمام فریقین کو ساتھ لے کر چلا جائے۔

وزیراعلٰی بلوچستان نے ایوان کو آگاہ کیا کہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پر باقاعدہ قانون سازی کی گئی تھی، تاہم بعد ازاں اس پر اعتراضات سامنے آئے جنہیں سنجیدگی سے لینا ضروری ہے۔

AAJ News Whatsapp

انہوں نے اپوزیشن سمیت تمام جماعتوں کو مل بیٹھ کر بات کرنے کی پیشکش کی اور کہا کہ اس ایکٹ کو اسمبلی میں دوبارہ لا کر ترمیم شدہ شکل میں پاس کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

سرفراز بگٹی اس موقع پر واضح کیا کہ ہمارے دروازے ہر مثبت کام کے لیے کھلے ہیں اور حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر قانون سازی کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔

بلوچستان اسمبلی میں تحصیل مند کو نیا ضلع بنانے کی قرارداد پیش

بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں کیچ کے سب ڈویژن تمپ کی تحصیل مند کو نیا ضلع بنانے سے متعلق قرارداد حکومتی رکن مینا بلوچ کی جانب سے مشترکہ طور پر پیش کی گئی۔

قرارداد کے متن کے مطابق کیچ بلوچستان کا سب سے زیادہ آبادی والا ضلع بن چکا ہے، جس کی جغرافیائی حدود پنجگور سے ایران بارڈر تک پھیلی ہوئی ہیں۔ تحصیل مند، تربت سے 150 کلومیٹر دور واقع ہے، جہاں عوام کو تعلیم، صحت، سڑکوں اور امن و امان کے شدید مسائل کا سامنا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ تحصیل مند ضلع بننے کے تمام معیارات پر پورا اترتی ہے اور حکومت کو اس بارے میں فوری اقدامات اٹھانے چاہییں تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔

بعدازاں، بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 2 اکتوبر سہ پہر3 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے پرنس فہد ہسپتال دالبندین کا مسودہ قانون 2025 ایوان میں پیش کیا۔

اسمبلی نے مسودہ قانون کو مزید غور و خوض کے لیے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا، جہاں اس پر تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

balochistan assembly

Provincial Legislation

Balochistan Politics

Policy Recommendations

District Formation Proposal

Natural Resources Bill