Aaj News

اقوام متحدہ میں پاکستان کا جواب سن کر بھارتی نمائندہ بھاگنے پر مجبور

علاقائی استحکام کو نقصان پہنچانا اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی بھارت کی عادت بن چکی ہے۔
شائع 28 ستمبر 2025 11:33am

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں سیکنڈ سیکرٹری محمد راشد کا بیان سن کر بھارتی نمائندہ اجلاس چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوگیا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھارت کے وزیر خارجہ کے الزامات کے جواب میں سیکنڈ سیکرٹری محمد راشد نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔

محمد راشد نے کہا ہے کہ ہم نے دوبارہ اس فورم پر بات کرنے کا ارادہ نہیں کیا تھا۔ تاہم یہ انتہائی شرمناک ہے کہ بھارت اتنا پست ہو جائے کہ اقوام متحدہ کے ایک رکن ملک کے نام کو بگاڑنے کی کوشش کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی زبان نہ تو پختگی کو ظاہر کرتی ہے اور نہ ہی ذمہ داری کو۔ بلکہ اس سے بھارت کی جھنجھلاہٹ اور عالمی سطح پر اس کی چھوٹی سوچ نمایاں ہوتی ہے۔

محمد راشد کا اجلاس میں کہنا تھا کہ ایک خودمختار ریاست کے نام کا مذاق اڑانا صرف غیر شائستگی ہی نہیں بلکہ ایک پورے عوام کو بدنام اور ان کی توہین کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔ یہ کوئی مقامی سیاسی اجتماع نہیں ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس قسم کی بیان بازی میں ملوث ہو کر بھارت اپنی ساکھ کو خود نقصان پہنچاتا ہے اور دنیا کو دکھا دیتا ہے کہ اس کے پاس کوئی ٹھوس دلیل نہیں ہے۔

AAJ News Whatsapp

صرف، افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے، سطحی طعنے ہیں جو کسی سنجیدہ بحث کے قابل نہیں۔

سیکنڈ سیکرٹری محمد راشد نے اجلاس میں بھارت کو آئنہ دکھاتے ہوئے کہا کہ اِنڈیا خود سرحدوں سے باہر دہشت گردی کی سرپرستی اور حمایت میں ملوث پایا گیا ہے۔ معتبر رپورٹس اس امر کی نشاندہی کرتی ہیں کہ بھارتی خفیہ ایجنسیاں اپنے ہمسایہ ممالک کو غیر مستحکم کرنے کے لیے نیٹ ورک چلاتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ نہایت افسوسناک ہے کہ بھارتی خفیہ اہلکاروں پر الزام ہے کہ وہ ایسی گروہوں کو مالی معاونت اور رہنمائی فراہم کرتے ہیں جو تخریب کاری اور دنیا بھر میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں۔

سیکنڈ سیکرٹری نے کہا ہے کہ علاقائی استحکام کو نقصان پہنچانا اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی بھارت کی عادت بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لہٰذا ایسے اقدامات دراصل بھارت کے انسدادِ دہشت گردی کے دعوؤں کی دو رُخی کو بے نقاب کرتے ہیں اور یہ سنگین خدشات کو جنم دیتے ہیں کہ بھارت دہشت گردی کے خلاف جنگ کرنے کے بجائے خود اسے ہوا دے رہا ہے۔

محمد راشد نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، حقیقی ترقی کے لیے خلوص، باہمی احترام، مکالمہ اور سفارت کاری ضروری ہیں۔ وہ اصول جنہیں پاکستان ہمیشہ مقدم رکھتا آیا ہے اور بھارت کو بھی بالآخر یہی راستہ اختیار کرنا ہوگا، اگر وہ واقعی امن کا خواہاں ہے۔

United Nations

pakistan second secretery