’ٹوٹل 60، پھر بھی 6 صفر‘— خواجہ آصف کا بھارت کو تاریخی طنز
وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایشیا کپ میں پاکستانی اور بھارتی کرکٹرز پر عائد جرمانوں کا ایک منفرد اور تاریخی طنز کرتے ہوئے ایک ایسا تبصرہ کر دیا جو نہ صرف کرکٹ کے شائقین بلکہ تاریخ سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے بھی خاصا دلچسپ ہے۔
خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’ایکس‘ پر اپنی ٹوئیٹ میں لکھا کہ حارث رؤف پر 30 فیصد جرمانہ لگا، سوریا یادیو پر بھی 30 فیصد جرمانہ کیا گیا۔
وزیر دفاع نے لکھا کہ یہ ٹوٹل 60 ہوگیا، جو پھر 6 صفر بنتا ہے۔ یہاں چھ 0 سے مراد وہ تاریخی معرکہ حق ہے جس میں بھارتی رافیل طیارے گرائے گئے تھے اور جو پاکستان کی فضائی برتری کی علامت بن چکا ہے۔
یہ طنزیہ بیان ایک بار پھر بھارتی ٹیم اور اس کی کارکردگی کو لے کر پاکستانیوں میں جشن کی کیفیت پیدا کر رہا ہے، جہاں چھ صفر کا مطلب محض کرکٹ کے جرمانوں کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک یاد دہانی ہے کہ جنگ کے میدان میں پاکستان نے بھارت کو زبردست شکست دی تھی۔
اس سے قبل بھی وزیر دفاع خواجہ آصف نے حارث رؤف کی جانب سے کی گئی پوسٹ کی حمایت کرتے ہوئے لکھا تھا کہ آپ نے صحیح کام کیا، شاباش۔ پاکستان زندہ باد!
واضح رہے کہ جمعے کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایشیا کپ 2025 کے دوران قومی فاسٹ بولر حارث رؤف، قومی بیٹر صاحبزادہ فرحان اور بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کی پیشی کا فیصلہ سنایا تھا۔
آئی سی سی نے پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف اور بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو پر جرمانہ عائد کیا تھا اور قومی بیٹر صاحبزادہ فرحان کو آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کی تھی۔
آئی سی سی نے قومی فاسٹ بولر حارث رؤف پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا اور اشارے کرنے پر وارننگ بھی دی تھی۔ صاحبزادہ فرحان پر جرمانہ عائد نہیں کیا گیا تاہم بیٹ بندوق کی طرح لہرانے پر صرف وارننگ ملی تھی۔
دوسری جانب آئی سی سی نے سیاسی بیان پر بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کو قصور وار قرار دیتے ہوئے ان پر بھی میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا تھا۔
Aaj English













اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔