Aaj News

ہمیں ٹرمپ کا تجویز کردہ جنگ بندی منصوبہ نہیں ملا، حماس

اسرائیلی فورسز نے غزہ میں حملوں کا سلسلہ تیز، گھنٹے میں مزید 77 فلسطینی شہید، 265 زخمی ہو گئے
شائع 27 ستمبر 2025 11:11pm

فلسطینی تنظیم حماس نے اعلان کیا کہ اسے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا تجویز کردہ جنگ بندی منصوبہ پیش نہیں کیا گیا، جبکہ اسرائیلی فوج نے غزہ شہر پر اپنی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔

اس پیش رفت سے قبل اخبار ہآرتز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ٹرمپ کا معاہدہ یہ تجویز کرتا ہے کہ حماس اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے 100 درجن فلسطینی قیدیوں کی رہائی پر آمادہ ہو جائے اور اسرائیلی افواج بتدریج پسپائی اختیار کریں گی۔

اس منصوبے میں مزید یہ بھی شامل ہے کہ حماس کی حکومت ختم ہو جائے، اور اسرائیل غزہ کو الحاق نہ کرے بلکہ فلسطینی باشندگان کو وہاں سے بے دخل نہ کرے۔

تاہم حماس کے ایک عہدیدار نے رائٹرز کو بتایا، ”ہمیں کسی بھی منصوبے کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا۔“

AAJ News Whatsapp

ٹرمپ نے جمعے کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ”ایسا لگ رہا ہے کہ ہمارے پاس غزہ پر معاہدہ ہو سکتا ہے“، مگر انہوں نے معاہدے کی تفصیلات یا وقتی جدول فراہم نہیں کی۔

اسرائیل کی جانب سے ابھی تک ٹرمپ کے بیانات پر کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

ٹرمپ منگل کو اسرائیلی وزیراعظم بینیامین نیتن یاہو سے ملاقات کرنے والے ہیں، جو ایک سخت گیر اتحاد کی قیادت کرتے ہیں اور حماس کی مکمل تباہی تک جنگ ختم کرنے پر راضی نہیں ہیں۔

ٹرمپ نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں دیگر ممالک کے ساتھ غزہ مذاکرات “شدید” ہیں اور جتنی دیر ضروری ہو، جاری رہیں گے۔

دوسری جانب اسرائیلی فورسز نے غزہ میں حملوں کا سلسلہ تیز کر دیا، صیہونی فوج نے بے گھر، نقل مکانی کرتے اور امداد کے متلاشی فلسطینیوں پر حملے کیے۔

عرب میڈیا کے مطابق 24 گھنٹے میں مزید 77 فلسطینی شہید، 265 زخمی ہو گئے، 13 افراد کو امداد کی فراہمی کے مراکز کے قریب شہید کیا گیا۔

17 سالہ فلسطینی نوجوان بھوک اور علاج نہ ملنے سے چل بسا، ایک ہی خاندان کے 11 افراد اسرائیلی حملے میں شہید، متعدد زخمی ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق نصیرات پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی ڈرون حملے میں دو بچوں سمیت چار فلسطینی شہید ہو گئے۔

غزہ شہر پر اسرائیل کا زمینی حملہ شدت اختیار کر گیا، لاکھوں فلسطینی محصور ہو کر رہ گئے، خوراک، پانی اور بجلی کی شدید قلت، فلسطین انسانی بحران کا شکار ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق شہدا کی تعداد 65 ہزار 626 ہوگئی، 1 لاکھ 67 ہزار 783 فلسطینی زخمی ہیں۔

Trump Plan

it has not received

as Israel expands

Gaza City assault