Aaj News

کراچی: ڈیفنس فیز 2 میں ورکشاپ میں آگ بھڑک اٹھی، 2 خواتین جاں بحق، 8 افراد کو بچا لیا گیا

پولیس کے مطابق عمارت میں اب کوئی شخص موجود نہیں
شائع 27 ستمبر 2025 10:54pm

کراچی کے علاقے اخترکالونی کی عمارت میں لگی آگ پرقابو پالیا گیا۔ دم گھنٹے سے دو خواتین جاں بحق، جبکہ آٹھ افراد کوعمارت سے بحفاظت ریسکیوکرلیا گیا۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز ٹو کورنگی روڈ پر واقع ایک ورکشاپ میں شدید آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے سے 13 افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو خواتین دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گئیں۔

ریسکیو 1122، چھیپا اور ایدھی کے رضا کاروں نے فوری امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو سول اسپتال اور جناح اسپتال منتقل کیا۔ زخمیوں میں سے تین کو سول اسپتال کے برنس وارڈ اور باقی کو جناح اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

AAJ News Whatsapp

حادثے کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ عمارت سے نکلنے کا صرف ایک ہی راستہ تھا۔ فائر فائٹرز نے کھڑکیوں کی گرل توڑ کر آگ بجھانے کی کوشش کی۔ فائر بریگیڈ نے چار گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل قابو پایا۔

چیف فائر آفیسر کے مطابق ابتدائی اطلاع ملتے ہی ڈی ایچ اے فائر عملہ موقع پر پہنچا، تاہم آگ کی شدت کے باعث مزید گاڑیاں اور کے ایم سی کی اسنارکل طلب کی گئی۔ آپریشن کے دوران عمارت میں پھنسے آٹھ افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سہولت دینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے آتشزدگی کے واقعے کی فوری انکوائری کا بھی حکم دے دیا ہے۔

emergency response

Karachi Fire

building fire

Akhtar Colony fire

Fire incident Karachi

Women died in fire