ہمارا ہدف ایشا کپ جیتنا ہے، بھارتی میڈیا کیا کہہ رہا پرواہ نہیں، سلمان علی آغا

ہاتھ ملانے سے انکار کرکٹ کی توہین ہے، انشاء اللہ کل کا میچ بھی جیتیں گے، قومی ٹیم کے کپتان کی دبئی میں پریس کانفرنس
شائع 27 ستمبر 2025 08:44pm

ایشیا کپ 2025 کے فائنل سے ایک روز قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے دبئی میں پریس کانفرنس کے دوران پر اعتماد، جارحانہ اور دوٹوک انداز میں میڈیا کے سوالات کے جوابات دیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیم کا واحد مقصد ایشیا کپ جیتنا ہے اور کسی قسم کے بیرونی دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جا رہا۔

سلمان آغا نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل ایک بڑا میچ ضرور ہے، لیکن دونوں ٹیموں پر یکساں دباؤ ہے، اور جو ٹیم اپنی غلطیوں پر قابو پائے گی، کامیابی اسی کا مقدر بنے گی۔ ”ہماری کوشش ہوگی کہ فائنل میں کم سے کم غلطیاں کریں۔“

پریس کانفرنس میں ہینڈ شیک نہ ہونے کے حالیہ تنازع پر تبصرہ کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ ”یہ کرکٹ کے لیے اچھا نہیں ہے۔ پاکستان اور بھارت کے تعلقات ماضی میں بھی خراب رہے، لیکن کبھی ہاتھ ملانے کی روایت ختم نہیں ہوئی۔“ انہوں نے مزید کہا، ”میرے والد جو کرکٹ کے بڑے مداح ہیں، انہوں نے بھی کبھی یہ نہیں کہا کہ ہینڈ شیک نہ ہو، ہمیشہ کھیل کو جوڑنے والی قوت سمجھا۔“

AAJ News Whatsapp

بھارتی میڈیا کی مسلسل تنقید پر سلمان آغا نے سخت لہجہ اپناتے ہوئے کہا، ”بھارتی میڈیا کیا کہتا ہے، اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ہمارا فوکس صرف میدان میں ہے اور ہدف ایشیا کپ کی ٹرافی جیتنا ہے۔“

اپنی کارکردگی پر سوال کا جواب دیتے ہوئے کپتان نے کہا کہ ”میری پرفارمنس اس معیار کی نہیں رہی جو ایک کپتان سے متوقع ہوتی ہے، خاص طور پر اسٹرائیک ریٹ میں بہتری کی گنجائش ہے، لیکن میں ہر میچ میں بہتری کی کوشش کر رہا ہوں۔“

نوجوان بلے باز صائم ایوب کے حوالے سے سلمان آغا نے کہا، ”وہ پاکستان کا مستقبل ہے، اگلے 10 سال میں پاکستان کا ٹاپ پرفارمر ہوگا۔ بیٹنگ میں وقتی مشکلات ہیں، لیکن بولنگ اور فیلڈنگ میں وہ بہترین کردار ادا کر رہا ہے، اور جلد بیٹنگ میں بھی چمکے گا۔“

بھارتی ٹیم کے ممکنہ عدم شرکت کے سوال پر سلمان آغا کا برجستہ جواب تھا، ”ہم کھیل کے اصولوں کے مطابق تیار ہیں، جو آنا چاہے آئے، جو نہ آنا چاہے نہ آئے، ہمیں کسی کی پروا نہیں۔“

پریس کانفرنس کے اختتام پر کپتان نے جذباتی انداز میں کہا، ”اگر کھلاڑی میدان میں جذبات کا اظہار نہیں کرے گا تو کہاں کرے گا؟ میدان سے باہر کیا ہو رہا ہے، ہمیں اس سے مطلب نہیں۔ ہمارا مقصد صرف اور صرف جیت ہے، اور ہم ایشیا کپ کی ٹرافی پاکستان لانے کے لیے پرعزم ہیں۔“

فائنل میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان کل دبئی میں کھیلا جائے گا، جس کا آغاز شام 6 بجے ہوگا۔ شائقین کرکٹ کی نظریں اب بڑے ٹاکرے پر مرکوز ہیں۔

Our goal is

to win the Isha Cup

we don't care

what the Indian media

says, Salman Ali Agha