Aaj News

مجرمانہ سازش کا جرم ثابت، سابق فرانسیسی صدر کو 5 سال قید کی سزا

فرانس کے سابق صدر سرکوزی 2007 سے 2012 تک فرانس کے صدر تھے
شائع 25 ستمبر 2025 05:51pm

فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی کو 5 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانسیسی عدالت نکولس سرکوزی پر مجرمانہ سازش کا جرم ثابت ہونے پر انہیں 5 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔ عدالت نے فیصلے کے بعد نکولس سرکوزی کو حراست میں لینے کا حکم دے دیا۔

فرانس کے سابق صدر سرکوزی 2007 سے 2012 تک فرانس کے صدر تھے جبکہ ان دنوں وہ کرپشن کے مختلف الزامات پر گھر پر نظربند ہیں۔

گزشتہ سال فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی پر 2012 کی انتخابی مہم میں غیرقانونی اخراجات کا جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی گئی تھی۔

AAJ News Whatsapp

فیصلے کے بعد 70 سالہ سرکوزی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عدالتی فیصلے پر سخت ردعمل ظاہر کیا۔ ”اگر وہ واقعی چاہتے ہیں کہ میں جیل میں سوؤں، تو میں سر اونچا رکھ کر سوؤں گا۔،“

سرکوزی نے کہا ”آج جو کچھ ہوا، وہ قانون کی حکمرانی اور عدلیہ پر اعتماد کے لیے نہایت سنگین ہے۔ یہ فیصلہ ایک اسکینڈل ہے۔“

استغاثہ کا مؤقف تھا کہ سرکوزی کے قریبی ساتھیوں نے لیبیا کے سابق آمر معمر قذافی کے دورِ حکومت میں ان سے 2007 کی صدارتی انتخابی مہم کے لیے فنڈز حاصل کرنے کی کوشش کی۔ اگرچہ عدالت نے تسلیم کیا کہ براہِ راست رقم ملنے کے کوئی ثبوت موجود نہیں، لیکن اس بات کو مجرمانہ سازش کے طور پر دیکھا گیا کہ سرکوزی نے اپنے ساتھیوں کو لیبیا سے روابط کی اجازت دی۔

سرکوزی کی جانب سے اپیل کا امکان موجود ہے، تاہم عدالت نے واضح کیا ہے کہ سزا پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا، اور انہیں اپنی نجی اور قانونی تیاری کے لیے صرف ایک مختصر وقت دیا جائے گا۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فرانس میں سیاسی شخصیات کے خلاف عدالتی سختی میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

اس سال مارچ میں دائیں بازو کی رہنما مارین لی پین کو بھی یورپی یونین کے فنڈز میں خردبرد کے الزام میں پانچ سال کے لیے انتخاب لڑنے سے نااہل قرار دیا گیا تھا۔

سرکوزی، جو 2007 سے 2012 تک فرانس کے صدر رہے، پہلے ہی سے اپنے خلاف مقدمات کو سیاسی انتقام قرار دیتے رہے ہیں۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ فرانس کی اعلیٰ عدالتیں اس فیصلے کو برقرار رکھتی ہیں یا نہیں مگر فی الحال، نکولا سرکوزی تاریخ کے پہلے سابق فرانسیسی صدر بن گئے ہیں جنہیں مجرمانہ سازش میں سزا سنائی گئی ہے۔

Former French president

Sarkozy

sentenced to 5 years