Aaj News

پاکستان کی فارما صنعت کو عالمی پہچان ملنے لگی، ہیلیون کا 12 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

پاکستان کی فارماسیوٹیکل برآمدات میں بھی حالیہ برسوں کے دوران اضافہ دیکھا گیا ہے
شائع 24 ستمبر 2025 01:02pm

پاکستان کی فارما انڈسٹری عالمی سطح پر شناخت حاصل کر رہی ہے، جس کی بڑی وجہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کی معاونت ہے۔

اس حوالے سے عالمی سطح پر صارفین کی صحت کی دیکھ بھال میں نمایاں کمپنی ”ہیلیون“ (Haleon) نے پاکستان میں 12 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کا مقصد ملک میں اپنی پیداواری صلاحیت کو بڑھانا اور پیناڈو کی تیاری کو وسیع پیمانے پر بڑھانا ہے تاکہ بڑھتی ہوئی ملکی طلب کو پورا کیا جا سکے۔

بزنس ریکارڈر کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فارماسیوٹیکل برآمدات میں بھی حالیہ برسوں کے دوران اضافہ دیکھا گیا ہے اور موجودہ مالی سال میں یہ برآمدات 457 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جس میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی معاونت کو اہم قرار دیا گیا ہے۔

AAJ News Whatsapp

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق تھراپیوٹک مصنوعات، جن میں فارما، سرجیکل مصنوعات، ڈائیٹری سپلیمنٹس اور میڈیکل ڈیوائسز شامل ہیں، کی مجموعی برآمدات ریکارڈ 909 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ پاکستان فارما مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) کے ذرائع کے مطابق فارما مصنوعات کی برآمدات میں مالی سال کے دوران 34 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس میں حکومت کی مناسب قیمتوں کی پالیسی کو کلیدی عنصر قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمتوں کی ڈی ریگولیشن کی پالیسی بین الاقوامی معیار کے مطابق ہے، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری میں اضافہ اور پیداوار میں بہتری آئی ہے۔

مزید برآں، افغانستان، فلپائن، سری لنکا، ازبکستان اور عراق پاکستانی ادویات کے بڑے خریدار ہیں، جبکہ کینیا، ویتنام، میانمار اور تھائی لینڈ میں بھی پاکستانی فارما مصنوعات کی برآمدات کے لیے قابلِ ذکر مواقع موجود ہیں۔

پی پی ایم اے کے ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ 2030 تک پاکستانی فارما مصنوعات کی برآمدات عالمی مارکیٹ میں 1.5 بلین ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔

sifc

Global Recognition

Pakistan’s pharma sector

Haleon