Aaj News

مستونگ میں ریلوے ٹریک پر دھماکہ، جعفر ایکسپریس کو نقصان، 12 مسافر زخمی

ٹرین میں تقریباً 270 مسافر سوار تھے، ترجمان ریلوے
شائع 24 ستمبر 2025 09:49am

بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے دشت میں ریلوے ٹریک پر ہوئے بم دھماکے کے نتیجے میں پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس حادثے کا شکار ہوگئی۔ سرکاری حکام کے مطابق دھماکے کے باعث ایک بوگی مکمل طور پر گر گئی جبکہ چھ دیگر بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔

یہ واقعہ منگل کی شام اسپیزنڈ کے قریب پیش آیا۔ لیویز فورس دشت کے ایس ایچ او اختر بلوچ نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے ریلوے ٹریک پر دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا جو اس وقت پھٹا جب جعفر ایکسپریس وہاں سے گزر رہی تھی۔

ریلوے ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 12 مسافر معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

ریلوے کے مقامی ترجمان نے تصدیق کی کہ ٹرین میں تقریباً 270 مسافر سوار تھے۔

وادی تیرہ واقعہ فضائی کارروائی نہیں دہشتگردوں کے بارودی مواد بنانے والی فیکٹری میں دھماکے کا نتیجہ تھا، عالمی میڈیا

واضح رہے کہ دشت کا علاقہ کوئٹہ شہر سے تقریباً 30 کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب مشرق میں واقع ہے اور اس علاقے میں ماضی میں بھی ٹرینوں کو کئی بار بم دھماکوں اور فائرنگ کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

یہ پہلا واقعہ نہیں ہے جب جعفر ایکسپریس کو دہشت گرد حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔ رواں برس 4 اگست کو بھی کولپور کے قریب ریلوے ٹریک پر حملے کی کوشش کی گئی تھی جب کلیئرنس کے لیے بھیجے گئے پائلٹ انجن پر فائرنگ کی گئی۔

’پاکستان میں کسی بھی مسلح جتھوں کیلئے کوئی جگہ نہیں‘، ترجمان پاک فوج کا جرمن جریدے کو خصوصی انٹرویو

اس سے قبل 11 مارچ 2025 کو کوئٹہ سے پشاور جانے والی نو بوگیوں پر مشتمل جعفر ایکسپریس پر بڑا حملہ کیا گیا تھا جس میں 26 مسافر شہید ہوئے تھے، جن میں فوج، ایف سی، ریلوے اور عام شہری شامل تھے جبکہ 354 یرغمالیوں کو بازیاب کرایا گیا تھا۔

جون 2025 میں بھی سندھ کے ضلع جیکب آباد میں جعفر ایکسپریس بم دھماکے کا نشانہ بنی تھی، جس سے چار بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں تاہم تمام مسافر محفوظ رہے۔

بلوچستان

Mastung

Jaffer Express Attack