Aaj News

یورپی ایئرپورٹس پر سائبر حملے اور عالمی تنازعات، عالمی ایوی ایشن رہنماؤں نے کی بڑی بیٹھک

اجلاس میں روس اور شمالی کوریا کے حوالے سے جغرافیائی کشیدگیاں بھی توجہ کا مرکز ہیں۔
شائع 23 ستمبر 2025 10:51am

اقوام متحدہ کی بین الاقوامی شہری ہوابازی تنظیم (آئی سی اے او) کی تین سالہ جنرل اسمبلی آج سے مونٹریال میں شروع ہوگئی ہے، جہاں دنیا بھر کے ایوی ایشن رہنما بڑھتے ہوئے سائبر حملوں، ماحولیاتی دباؤ اور افرادی قوت کی کمی جیسے بڑے چیلنجز پر غور کریں گے۔ یہ اجلاس 3 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

خبر اساں ادارے رائٹرز کے مطابق یورپ کے کئی بڑے ہوائی اڈوں پر حالیہ دنوں میں سائبر حملوں کے باعث چیک اِن اور بورڈنگ سسٹمز متاثر ہوئے، جس سے پروازوں میں تاخیر اور منسوخیاں ہوئیں۔ اس صورتحال نے ہوابازی کے شعبے کو ٹیکنالوجی پر بڑھتی انحصار کے باوجود اس کی کمزوریوں کو نمایاں کردیا ہے۔

اجلاس ایسے وقت میں ہورہا ہے جب جغرافیائی کشیدگیاں بھی شدت اختیار کر رہی ہیں۔ روس نے 2022 میں ’آئی سی اے او‘ کی گورننگ کونسل میں اپنی نشست کھو دی تھی اور اب دوبارہ رکنیت کے حصول کے لیے سرگرم ہے، جبکہ شمالی کوریا نے کونسل پر دوہرے معیار کا الزام لگایا ہے۔

ماہرین کے مطابق ماضی میں سرد جنگ کے دوران بھی ایوی ایشن کے تکنیکی معاملات پر تعاون برقرار رہا تھا، تاہم آج کے حالات زیادہ پیچیدہ ہیں۔

AAJ News Whatsapp

اجلاس میں فضائی آلودگی میں کمی کے اقدامات بھی زیر بحث آئیں گے۔ انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (IATA) نے تسلیم کیا ہے کہ 2030 تک کاربن کے اخراج میں 5 فیصد کمی کا ہدف حاصل نہیں ہوسکے گا، تاہم فضائی کمپنیوں نے نیٹ زیرو کے لیے اپنی وابستگی دہرا دی ہے۔

ہوابازی کی صنعت کو ایک اور بڑا چیلنج افرادی قوت کی کمی ہے۔ عالمی مسافرانہ ٹریفک 2035 تک 7.2 ارب سالانہ تک پہنچنے کی توقع ہے، جس کے لیے 2043 تک تقریباً 6 لاکھ 70 ہزار نئے پائلٹس درکار ہوں گے۔

عالمی فضائی ٹریفک میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جو 2024 میں 4.6 ارب مسافروں سے بڑھ کر 2035 تک 7.2 ارب تک پہنچنے کی توقع ہے۔ اس کے لیے 2043 تک تقریباً 6 لاکھ 70 ہزار نئے پائلٹس درکار ہوں گے۔ برازیل جیسے ممالک خواتین اور اقلیتی گروہوں کی شمولیت بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں، کیونکہ خواتین ملک کی نصف آبادی ہونے کے باوجود پائلٹس میں صرف 3 فیصد ہیں۔

aviation

Cyberattacks on airports

UN aviation

gathering

geopolitical tensions