Aaj News

حکومت نے 24 ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان کردیا، نوٹیفکیشن جاری

14 اضلاع میں بدھ کے روز تمام سرکاری دفاتر اور ادارے بند رہیں گے، نوٹیفکیشن
شائع 22 ستمبر 2025 11:29pm

سندھ حکومت نے صوبے کے 14 اضلاع میں بلدیاتی ضمنی انتخابات کے سلسلے میں 24 ستمبر (بدھ) کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

حکومت سندھ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ میں 24 ستمبر کو ہونے والے بلدیاتی ضمنی انتخابات کے موقع پر سندھ کے 14 اضلاع میں عام تعطیل ہوگی جب کہ ان اضلاع میں تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے پولنگ کے دن بند رہیں گے تاکہ ووٹرز کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تعطیل کا اطلاق گھوٹکی، سکھر، خیرپور، میرپور خاص، عمرکوٹ اور مٹیاری میں میں ہوگا جب کہ حیدرآباد، جامشورو، دادو، بدین اور ٹھٹھہ میں بھی عام تعطیل ہو گی۔ اس کے علاوہ کراچی ویسٹ، کراچی ایسٹ اور کیماڑی میں بھی عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ضمنی انتخابات کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے لیے سندھ رینجرز کو طلب کر لیا ہے۔

اس حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ کو خط بھیجا گیا ہے جس میں کراچی ایسٹ، ویسٹ، کیماڑی اور عمرکوٹ کے ”انتہائی حساس“ پولنگ اسٹیشنوں پر رینجرز کی تعیناتی کی درخواست کی گئی ہے۔

AAJ News Whatsapp

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے زیادہ خطرات کی نشاندہی کی ہے۔

سندھ کے 14 اضلاع کی 28 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات 24 ستمبر کو ہوں گے

ترجمان الیکشن کمشنر سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ کے 14 اضلاع کی 28 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات 24 ستمبر کو ہوں گے، انتخابات کے لیے تمام تر ضروری اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

ضمنی انتخابات 2 ڈسٹرکٹ کونسل کی نشستوں پر ہوں گے، 6 چیئرمین، 7 وائس چیئرمین، 13 جنرل وارڈ ممبر کی نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوں گے، انتخابی عمل کی نگرانی کے لیے 14 ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران، 21 مانیٹرنگ افسران اور 21 اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران فرائض انجام دیں گے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 43 ہزار187 ہے، ایک لاکھ 33 ہزار 38 مرد اور ایک لاکھ 10 ہزار 154 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ انتخابی عمل کے لیے 1512 اہلکار ذمہ داریاں نبھائیں گے، مجموعی طور پر 167 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 17 مرد، 17خواتین اور 134 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 127 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس، 34 اسٹیشنز حساس جب کہ 6 نارمل قرار دیے گئے ہیں۔

Sindh government

Public Holiday

Municipal by elections

sindh election