Aaj News

’’تمھاری باری بھی آئے گی‘‘ اسرائیلی وزیر دفاع کی حوثی رہنما کو دھمکی

عبدالملک الحوثی کا وقت قریب ہے، اسرائیلی پرچم یمن کے دارالحکومت پر لہرائے گا، اسرائیل کاٹز کا ایس پیغام
شائع 20 ستمبر 2025 05:59pm

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے یمن میں حوثی کے رہنما عبدالملک الحوثی کو براہِ راست دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’تمھاری باری بھی آئے گی۔‘‘

ترک نیوز ایجنسی انادولو کے مطابق یمن سے حوثی باغیوں کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد، اسرائیل کے وزیر دفاع، اسرائیل کاٹز نے ایران نواز حوثی تحریک کے سربراہ عبدالملک الحوثی کو قتل کرنے کی کھلی دھمکی دے دی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ”ایکس“ (سابقہ ٹوئٹر) پر بیان دیتے ہوئے کاٹز نے کہ ”عبدالملک الحوثی، تمہارا وقت بھی آنے والا ہے۔ تمہیں اپنے ان ساتھیوں کے پاس بھیج دیا جائے گا جو ’برائی کے محور‘ میں شامل تھے اور اب جہنم کی گہرائیوں میں تمہارا انتظار کر رہے ہیں۔“

AAJ News Whatsapp

انہوں نے مزید کہا کہ ”حوثیوں کے پرچم پر لکھا ‘اسرائیل مردہ باد، یہودیوں پر لعنت’ کا نعرہ جلد مٹ جائے گا، اور اس کی جگہ اسرائیلی نیلا و سفید پرچم متحدہ یمن کے دارالحکومت پر لہرائے گا۔“

واضح رہے کہ 28 اگست کو اسرائیلی فضائی حملے میں حوثی حکومت کا وزیر اعظم اور دیگر 11 وزراء ہلاک ہو چکے ہیں۔

گزشتہ روز حوثی باغیوں کے ایک دھماکہ خیز ڈرون نے اسرائیل کے جنوبی شہر ایلات کے ایک ہوٹل کو نشانہ بنایا، جبکہ دو دیگر ڈرون اور ایک بیلسٹک میزائل کو اسرائیلی دفاعی نظام نے راستے میں ہی ناکام بنا دیا۔

اسرائیلی فوج کے مطابق 18 مارچ سے، جب غزہ میں حماس کے خلاف کارروائیاں دوبارہ شروع کی گئیں، تب سے اب تک حوثی باغی اسرائیل پر 87 بیلسٹک میزائل اور کم از کم 40 ڈرون حملے کر چکے ہیں۔

Israeli defense minister

houthi leader

threatens to assassinate

raise flag over Sanaa