Aaj News

سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والے ایف بی آر کے ریڈار پر، کارروائی کا فیصلہ

پہلے مرحلے میں ایک لاکھ امیر افراد کا آڈٹ کیا جائے گا
شائع 20 ستمبر 2025 03:04pm

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے ان تمام افراد کا ڈیٹا جمع کرلیا ہے جو سوشل میڈیا پر اپنی عالیشان زندگی، گاڑیاں، بنگلے اور زیورات کی نمائش کرتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں ایک لاکھ امیر افراد کا آڈٹ کیا جائے گا۔ ان میں وہ افراد بھی شامل ہیں جو شادیوں پر بے پناہ اخراجات کرتے ہیں لیکن ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کراتے۔ شادیوں میں 20، 20 ہزار ڈالر کے مہنگے سوٹ پہننے والے بھی ایف بی آر کے ریڈار پر آ گئے ہیں۔

ایف بی آر کا مؤقف ہے کہ دولت کی نمائش کرنے والوں کو لازمی طور پر اپنے ذرائع آمدن واضح کرنے ہوں گے۔ اگر ظاہر کی گئی آمدن اور خرچ میں فرق پایا گیا تو ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

AAJ News Whatsapp

مزید برآں ایف بی آر گزشتہ سال جمع کرائے گئے ٹیکس گوشواروں کا اس سال کے گوشواروں سے موازنہ کرے گا۔ اگر کسی شخص کی آمدن میں اضافہ ظاہر نہیں کیا گیا لیکن وہ مسلسل عیاش زندگی گزار رہا ہے یا سوشل میڈیا پر اپنی پرتعیش اشیاء اور تقریبات کی نمائش کر رہا ہے تو اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر کا یہ اقدام نان فائلرز اور ٹیکس چوری کرنے والوں کے خلاف مہم کا حصہ ہے تاکہ قومی خزانے میں اضافہ کیا جا سکے اور ٹیکس کے دائرے کو مزید وسیع کیا جا سکے۔

FBR

Non Filers

social media influencer