راوی، ستلج، چناب میں سیلاب کے باعث جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری
پنجاب میں حالیہ سیلاب سے شدید نقصان ہوا ہے، راوی، ستلج اور چناب ندیوں کے پانی کے تیز بہاؤ نے عوام کی زندگیوں اور معیشت پر بھاری اثر ڈالا۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کے مطابق پی ڈی ایم اے پنجاب کی رپورٹ کے مطابق مختلف حادثات میں 127 شہری جاں بحق ہوئے جبکہ 4,700 سے زائد موضع جات متاثر ہوئے ہیں۔ مجموعی طور پر 47 لاکھ 55 ہزار لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔
ریلیف اقدامات کے تحت سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 319 ریلیف کیمپس، 407 میڈیکل کیمپس اور 356 ویٹرنری کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔ سیلاب میں پھنسے 26 لاکھ 22 ہزار افراد اور 20 لاکھ 90 ہزار جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
ریلیف کمشنر کے مطابق منگلا ڈیم 96 فیصد اور تربیلا ڈیم 100 فیصد تک بھر چکے ہیں۔ بھارت میں دریائے ستلج پر بھاکڑا ڈیم 88 فیصد، پونگ ڈیم 99 فیصد اور تھین ڈیم 90 فیصد تک بھر چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا اور اس کے لیے سروے کا جلد آغاز کیا جائے گا تاکہ شفاف اور آسان طریقہ کار کے تحت متاثرین کو معاوضہ فراہم کیا جا سکے۔
پنجاب کے دریاؤں میں سیلاب کی صورتحال فی الحال نارمل ہو چکی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا کے مطابق متاثرہ علاقوں میں پانی کی سطح میں نمایاں کمی آئی ہے۔ دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 4 ہزار کیوسک، سلیمانکی پر 81 ہزار کیوسک، دریائے چناب مرالہ پر 42 ہزار، خانکی ہیڈ ورکس پر 44 ہزار اور قادرآباد پر 37 ہزار کیوسک ہے۔ دیگر مقامات پر بھی بہاؤ میں کمی دیکھی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام محکمے الرٹ ہیں اور شہریوں کی حفاظت اور نقصانات کے ازالے کے لیے بھرپور اقدامات جاری ہیں۔
Aaj English


















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔