Aaj News

پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے عملے کی سنگین غفلت، انسانی جانیں داؤ پر لگ گئیں

اسپتال انتظامیہ نے ملازمین کے خلاف اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کروا دیا
شائع 20 ستمبر 2025 12:29pm
Serious negligence by Punjab Institute of Neurosciences staff, case filed - Pakistan news

پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے آئی سی یو میں آکسیجن لیکج کے باعث سنگین صورتحال پیدا ہوگئی، عملے کی غفلت سے مریضوں کی جانیں خطرے میں پڑ گئیں۔ اسپتال انتظامیہ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تینوں ملازمین کے خلاف اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کروا دیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق آئی سی یو وارڈ میں اچانک آکسیجن لیکج شروع ہوئی، تین ملازمین لیکج کو روکنے کی کوشش کرتے رہے لیکن کامیاب نہ ہوسکے۔ صورتحال مزید بگڑنے پر عملے نے کسی کو اطلاع دیے بغیر چھٹی کا وقت ہونے پر اسپتال چھوڑ دیا۔

اس غفلت کے نتیجے میں مریضوں کا سانس رکنے لگا اور حالت بگڑنے پر ایم ایس جنرل اسپتال کو اطلاع دی گئی۔

انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لیکج کو بند کیا، تاہم غفلت برتنے والے تینوں ملازمین کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا۔ مقدمے کے اندراج کے بعد پولیس نے صدیق، شیراز اور یاسین کو حراست میں لے لیا۔

ایف آئی آر کے مطابق عملے کی لاپرواہی سے مریضوں کی زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہوا جبکہ اسپتال انتظامیہ نے اس معاملے پر محکمانہ کارروائی کے بجائے براہِ راست قانونی چارہ جوئی کو ترجیح دی۔

Punjab Institute of Neuro Sciences

Oxygen Leakage