Aaj News

چارلی کرک کے قتل کا 100 فیصد امکان تھا؛ انہیں پہلے ہی خبردار کردیا تھا، سیکیورٹی ماہر کا دعویٰ

بیورلی ہلز کی سیکیورٹی ایجنسی ”دی باڈی گارڈ گروپ“ کے مالک کرس ہرزوگ نے یہ دعویٰ کیا ہے
شائع 14 ستمبر 2025 11:50am

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی اتحادی اور قدامت پسند رہنما چارلی کرک کو بدھ کے روز یوٹاہ ویلی یونیورسٹی میں ایک تقریب کے دوران قتل کر دیا گیا تھا جس پر ان کے مداح آج بھی غمزدہ ہیں۔

تاہم ایک سیکیورٹی ماہر نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چارلی کرک کو پہلے ہی خبردار کر دیا گیا تھا کہ اگر ضروری حفاظتی تدابیر نہ اپنائی گئیں تو ان کے مارے جانے کا 100 فیصد امکان ہیں۔

برطانوی اخبار دی مرر کی رپورٹ کے مطابق، بیورلی ہلز کی سیکیورٹی ایجنسی ”دی باڈی گارڈ گروپ“ کے مالک کرس ہرزوگ نے چارلی کرک کو 6 مارچ کو کیلیفورنیا اسٹیٹ یونیورسٹی میں ملاقات کے دوران یہ انتباہ جاری کیا تھا۔

انہوں نے چارلی کرک کو کہا تھا کہ اگر احتیاطی تدابیر نہ اپنائی گئیں تو وہ آئندہ کے کسی بھی یونیورسٹی کے اسپیچ ایونٹ میں 100 فیصد مارے جائیں گے۔

امریکی حکام نے جمعہ کو بتایا تھا کہ چارلی کرک کے قتل کے الزام میں ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جس کی گرفتاری اس کے خاندان کے ایک رکن کی مدد سے ہوئی ہے، جس نے اسے پولیس کے حوالے کیا۔

AAJ News Whatsapp

31 سالہ کرک کو یوٹاہ ویلی یونیورسٹی میں ایک بڑے اجتماع کے دوران گردن پر گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔ وہ شرکا سے خطاب کر ہی رہے تھے کہ اچانک گولی لگنے سے زندگی کی بازی ہار گئے۔

کرس ہرزوگ نے ڈیلی میل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ، “اگرچہ کرک نے چند سیکیورٹی ہدایات پر عمل کیا تھا، لیکن وہ مجھ سے دوبارہ رابطہ نہیں کر پائے۔ ان کا کہنا تھا کہ، ”مجھے افسوس ہے کہ چارلی نے مجھ سے دوبارہ رابطہ نہیں کیا اور اب ان کا قتل ہو گیا ہے۔“

ہرزوگ نے یہ بھی بتایا کہ ان کی ٹیم کے تمام افراد نے محسوس کیا تھا کہ کرک کی سیکیورٹی انتہائی ناکافی تھی اور انہیں اپنے کسی آنے والے ایونٹ میں گولی لگنے اور قتل ہونے کا شدید خطرہ تھا۔

سیکیورٹی ماہر نے کرک کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنے تحفظ کے لیے بلٹ پروف گلاس کا استعمال کریں اور 700 میٹر کے دائرے میں موجود ہر شخص کو میٹل ڈیٹیکٹر سے چیک کیا جائے۔

یاد رہے کہ قتل میں ملوث گرفتار ملزم ٹائلر رابنسن کو جمعرات کی رات تقریباً 33 گھنٹے کی تحقیقات کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

charlie kirk

Charlie Kirk Shooter

Kris Herzog