بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی، کلگام میں 2 کشمیری نوجوان شہید

نہتے کشمیری نوجوانوں کو بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں شہید کیا
شائع 08 ستمبر 2025 10:31pm

غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں آج ضلع کولگام میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج، پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ نے ایک مشترکہ کارروائی میں علاقے کو محاصرے میں لے کر نام نہاد تلاشی کے دوران نوجوانوں کو شہید کیا۔ عینی شاہدین نے اس واقعے کو جعلی مقابلہ قرار دیا۔

آپریشن کے دوران جھڑپ میں ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر سمیت دو بھارتی فوجی ہلاک اور دو زخمی بھی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب، بھارت کے بدنامِ زمانہ تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے بارہمولہ، کولگام، اسلام آباد، گاندربل اور پلوامہ میں درجنوں مقامات پر چھاپے مارے، جس سے علاقوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ ان کارروائیوں میں اور مقامی پولیس اہلکار بھی شامل تھے۔

AAJ News Whatsapp

بھارتی قابض حکام نے سرینگر میں واقع درگاہ حضرت بل پر اشوک چکر کی تختی نصب کرنے کے خلاف پرامن احتجاج کرنے والے 50 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ درگاہ میں پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے موئے مبارک محفوظ ہیں، اور کشمیری مسلمانوں نے اس اقدام کو بی جے پی حکومت کی طرف سے اسلامی مقامات پر قبضے کی سازش قرار دیا ہے۔

گرفتار شدگان میں سے اکثر افراد پر کالا قانون ”پبلک سیفٹی ایکٹ“ لاگو کیا گیا ہے، جس کے تحت بغیر مقدمے کے طویل مدت تک قید ممکن ہے۔