Aaj News

پنجاب میں مون سون کا دسواں اسپیل جاری، سیلاب متاثرین کی مشکلات بڑھ گئیں، سندھ میں بھی بادل برس پڑے

این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا، آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق، دریاؤں میں پانی کی سطح بلند

پنجاب بھر میں مون سون کا دسواں اسپیل جاری ہے، شدید بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، مختلف علاقوں میں نشیبی مقامات زیر آب آگئے ہیں جب کہ کئی اضلاع میں معمولاتِ زندگی متاثر ہو چکے ہیں۔ سندھ کے مختلف شہروں میں بھی بادل جم کر برسے، بعض مقامات پر فصلیں تباہ اور نہروں میں شگاف پڑگئے۔

ہیڈ تریموں پر پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے، جہاں بہاؤ 5 لاکھ 43 ہزار کیوسک تک جا پہنچا ہے۔ گنڈا سنگھ والا میں 3 لاکھ 11 ہزار، سلیمانکی میں 1 لاکھ 38 ہزار، خانکی میں 1 لاکھ 42 ہزار، قادرآباد میں 1 لاکھ 41 ہزار، بلوکی میں 1 لاکھ 48 ہزار اور ہیڈ سدھنائی میں 91 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر بارشوں کا سلسلہ برقرار رہا تو نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

جہلم، سرگودھا، قصور، سیالکوٹ، نارووال، راجن پور، اوکاڑہ، بہاولنگر، گوجرہ، شجاع آباد، شورکوٹ، میاں چنوں، وہاڑی اور رینالہ خورد میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش ہوئی، کئی سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ بورے والا میں بند کو محفوظ بنانے کی کوششوں میں مقامی افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

AAJ News Whatsapp

کمالیہ کے ایک گاؤں میں کھیتوں میں کام کرنے والی خاتون آسمانی بجلی گرنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئی، مٹھی میں بھی اسی نوعیت کا ایک اور واقعہ پیش آیا جس میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

ادھر سندھ میں بھی مون سون سسٹم داخل ہو گیا ہے، بدین، ٹھٹھہ، میرپورخاص، ٹنڈو محمد خان، سجاول، عمرکوٹ، نوری آباد اور سپر ہائی وے سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش کے بعد نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔ عمرکوٹ میں اوکراڑو پنھور کے قریب بارش کے باعث نورواہ نہر میں 10 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا، جس سے مرچ اور کپاس کی تیار فصلیں زیرآب آگئیں۔

کراچی اور حیدرآباد میں بھی رم جھم کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کراچی میں 9 اور 10 ستمبر کو تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

دوسری جانب این ڈی ایم اے نے سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں 10 ستمبر تک شدید بارشوں کے باعث ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، اور مقامی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

tenth spell of monsoon continues

in Punjab

problems of flood victims have increased

was heavy rain in Sindh as well