برطانوی کابینہ میں بڑے پیمانے میں ردوبدل: پاکستانی نژاد شبانہ محمود وزیر داخلہ مقرر

ڈیوڈ لیمی نائب وزیر اعظم, اسٹیو ریڈ وزیر ہاؤسنگ، پیٹ میک فیڈن ورک اور پنشن کے وزیر تعینات
شائع 05 ستمبر 2025 11:57pm

برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے اپنی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے ڈیوڈ لامی کو ڈپٹی وزیراعظم اور لیبر پارٹی کے دائیں بازو سے تعلق رکھنے والی جسٹس سیکریٹری شبانہ محمود کو نیا وزیر داخلہ مقرر کر دیا۔

بی بی سی کے مطابق کابینہ میں یہ تبدیلیاں ڈپٹی وزیر اعظم اینجلا رینر کے پراپرٹی ٹیکس کم ادا کرنے کے الزام پر مستعفیٰ ہونے کے بعد ہوئی ہیں۔

لیبر پارٹی کے بائیں بازو میں نمایاں حیثیت رکھنے والی رینر نے ایک فلیٹ کی خریداری سے متعلق تحقیقات میں وزارتی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ثابت ہونے کے بعد عہدہ چھوڑ دیا ہے۔

AAJ News Whatsapp

ان کے استعفے کے بعد سٹارمر نے اپنی 14 ماہ پرانی حکومت میں پہلی بڑی رد و بدل کی۔ نئے ڈپٹی وزیر اعظم ڈیوڈ لامی اس سے قبل برطانیہ کے وزیر خارجہ تھے۔ ان کا عہدہ اب یویٹ کوپر سنبھالیں گی، جو اس سے پہلے وزیر داخلہ تھیں۔

نئی وزیر داخلہ شبانہ محمود برطانیہ کی سینیئر مسلمان سیاست دان ہیں اور انہیں لیبر پارٹی کی ابھرتی ہوئی قیادت سمجھا جاتا ہے۔

44 سالہ سابق بیرسٹر شبانہ محمود 2010 سے رکن پارلیمان ہیں اور اپوزیشن کے دور میں متعدد شیڈو وزارتیں سنبھال چکی ہیں۔ تاہم انہوں نے جیرمی کوربن کی کابینہ میں شامل ہونے سے انکار کیا تھا۔

برطانوی حکومت کی سرکاری ویب سائٹ گورنمنٹ ڈاٹ یو کے کے مطابق شبانہ محمود پانچ جولائی، 2024 کو لارڈ چانسلر اور سیکریٹری آف اسٹیٹ فار جسٹس بنی تھیں۔ وہ جولائی 2024 میں برمنگھم لیڈی ووڈ کی رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئیں۔

شبانہ محمود 17 ستمبر، 1980 کو برمنگھم میں پیدا ہوئیں۔ ان کی والدہ کا نام زبیدہ اور والد کا نام محمود احمد ہے۔ وکی پیڈیا کے مطابق ان کے والدین پاکستانی نژاد ہیں اور تعلق پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے علاقے میرپور سے ہے۔

برطانیہ دوبارہ منتقل ہونے سے پہلے وہ 1981 سے 1986 تک سعودی عرب کے شہر طائف میں اپنے خاندان کے ساتھ رہیں جہاں ان کے والد ڈی سیلینیشن شعبے میں سول انجینیئر کے طور پر کام کر رہے تھے۔

Major reshuffle in British cabinet

Pakistani origin

Shabana Mahmood

appointed Home Secretary